شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

بی جے پی کارپوریٹر کے بیٹے نے پاکستانی لڑکی سے آن لائن شادی کرلی (ویڈیو وائرل)

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا، جو جونپور میں تھا، اور دلہن، جو پاکستان کے شہر لاہور میں موجود تھی، دونوں نے آن لائن ویڈیو کال پر 'قبول ہے، قبول ہے' کہہ کر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

جونپور (اتر پردیش): بی جے پی کارپوریٹر کے بیٹے نے پاکستانی لڑکی سے آن لائن نکاح کے ذریعہ شادی کر لی۔ یہ شادی کی تقریب اتر پردیش کے ضلع جونپور میں ہوئی۔ اتوار کے روز اس تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

متعلقہ خبریں
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ نے اپنی دیرینہ دوست سے شادی کرلی
شادی کی تقریب میں خاتون کی ہوائی فائرنگ، دلچسپ ویڈیو
ٹریفک میں پھنسی دلہن کی حاضر دماغی۔ بروقت فیصلہ کی ستائش (ویڈیو)
شادی کی تقریب ماتم کدہ میں تبدیل (ویڈیو)

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا، جو جونپور میں تھا، اور دلہن، جو پاکستان کے شہر لاہور میں موجود تھی، دونوں نے آن لائن ویڈیو کال پر ‘قبول ہے، قبول ہے’ کہہ کر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق، بی جے پی کے کارپوریٹر تحسین شاہد نے اپنے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی پاکستان کی رہائشی عندلیب زہرا سے طئے کی تھی۔ تاہم، جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے دلہے کو ویزا نہیں مل سکا۔

اس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے والی بات یہ تھی کہ دلہن کی والدہ، رانا یاسمین زیدی، بیمار ہو کر پاکستان میں آئی سی یو میں شریک ہیں۔

ان حالات کے پیش نظر تحسین شاہد نے شادی کی تقریب کو آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جمعہ کی رات کو شاہد نے اپنی ‘بارات’ کے ساتھ امام بارگاہ میں نکاح کی آن لائن تقریب میں شرکت کی، جبکہ دلہن کا خاندان لاہور سے اس میں شامل ہوا۔

شیعہ مذہبی رہنما مولانا محفوظ الحسن خان نے وضاحت کی کہ اسلام میں نکاح کیلئے عورت کی رضا مندی ضروری ہے اور وہ مولانا کے سامنے اپنی رضا ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ جب دونوں اطراف کے مولانا ایک ساتھ نکاح کروا رہے ہوں تو آن لائن نکاح جائز ہوتا ہے۔

عباس حیدر نے امید ظاہر کی کہ ان کی اہلیہ کو بغیر کسی مشکل کے ہندوستانی ویزا مل جائے گا۔ بی جے پی ایم ایل سی برجیش سنگھ پرشو اور دیگر مہمانوں نے شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دلہا کے خاندان کو مبارکباد دی۔