دہلی

سدرشن ریڈی کی لالوپرساد یادو سے ملاقات پر بی جے پی کی تنقید

بی جے پی نے پیر کے دن اپوزیشن کے امیدوارِ نائب صدر جمہوریہ جسٹس بی سدرشن ریڈی کو کروڑہا روپیوں کے چارہ اسکام کے خاطی آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو سے ملاقات پر جم کر نشانہ تنقید بنایا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) بی جے پی نے پیر کے دن اپوزیشن کے امیدوارِ نائب صدر جمہوریہ جسٹس بی سدرشن ریڈی کو کروڑہا روپیوں کے چارہ اسکام کے خاطی آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو سے ملاقات پر جم کر نشانہ تنقید بنایا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں بی جے پی ترجمان روی شنکر پرساد نے پوچھا کہ سپریم کورٹ کے سابق جج نے ایک سزا یافتہ قائد سے ساز باز کیوں کی۔ وہ اِس سے کیا پیام دینا چاہتے ہیں؟۔

دونوں کی ملاقات کو پرلے درجہ کی منافقت قرار دیتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن کے امیدوارِ نائب صدرجمہوریہ سے کہا کہ وہ ضمیر کی دہائی نہ دیں کیونکہ انہوں نے اخلاقیات کی دھجیاں اڑادی ہیں۔

روی شنکر پرساد نے کہا کہ چارہ اسکام خاطی سے جسٹس ریڈی کی ملاقات قابل مذمت ہے اور سخت الفاظ میں اس کی مذمت کی جانی چاہئے۔

ایکس پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی قائد امیت مالویہ نے کہا کہ بی سدرشن ریڈی نے حال میں لالوپرساد یادو سے ملاقات کی جو رکن پارلیمنٹ تک نہیں ہیں۔ وہ نائب صدرجمہوریہ کے الیکشن میں ووٹ نہیں ڈال سکتے۔