جموں و کشمیر

بی جے پی اپنی ناکامیاں چھپانے پاکستان کا ہوّا کھڑا کررہی ہے۔ محبوبہ مفتی کا پلٹ وار

وزیراعظم نریندر مودی پر پلٹ وار کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کے دن کہا کہ بی جے پی اپنی ”ناکامیاں“ چھپانے کے لئے پاکستان کا ہوّا کھڑا کررہی ہے۔

سری نگر: وزیراعظم نریندر مودی پر پلٹ وار کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کے دن کہا کہ بی جے پی اپنی ”ناکامیاں“ چھپانے کے لئے پاکستان کا ہوّا کھڑا کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں
کشمیر میں ووٹوں کی گنتی کی تاریخ بی جے پی کے کہنے پر بدلی گئی: محبوبہ مفتی
میاں الطاف نے 18میں سے 15اسمبلی حلقوں پر محبوبہ مفتی کو مات دے دی
میاں الطاف کو ‘چھپا رستم’ کہنا ان کے ساتھ نا انصافی ہے: عمر عبداللہ
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، محبوبہ مفتی کے خلاف مقدمہ درج
جنوبی کشمیر سے آج رکن پارلیمنٹ بھی چھینا جا رہا ہے:محبوبہ مفتی

ایک دن قبل وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ پی ڈی پی‘ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے ساتھ جموں وکشمیر میں پڑوسی ملک کا ایجنڈہ لاگو کررہی ہے۔ محبوبہ مفتی نے سری نگر میں میڈیاسے کہا کہ میرا احساس ہے کہ بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔

اس نے ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ 10 سال میں یہ تعداد 20 کروڑ ہوجاتی ہے۔ ہندو مسلم‘ مسلمانوں پر بھیڑ کے حملے‘ مساجد کے انہدام کے بعد اب پاکستان کی باری ہے۔ بی جے پی اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے یہ مسائل اٹھارہی ہے۔

سابق چیف منسٹرنے کہا کہ اگر علاقائی جماعتیں پاکستان کا ایجنڈہ لاگو کرتیں تو جموں وکشمیر اُس ملک کا حصہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں نیشنل کانفرنس کی عبداللہ فیملی نے پاکستان کا ایجنڈہ لاگو کیا ہوتا تو جموں وکشمیر‘ ہندوستان کا نہیں بلکہ پاکستان کا حصہ ہوتا۔

وزیراعظم نے جمعرات کے دن دفعہ 370 کے تعلق سے پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کے ریمارکس کے حوالہ سے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو نشانہ ئ تنقید بنایا تھا۔ محبوبہ مفتی نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو علاقائی جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ انہیں خاص طورپر شیخ عبداللہ فیملی کا ممنون ومشکور ہونا چاہئے۔

نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ عبداللہ کی وجہ سے ہی جموں و کشمیر کا الحاق ہندوستان کے ساتھ ہوا۔ عمر عبداللہ جب بی جے پی حکومت کے وزیر تھے نیشنل کانفرنس نے یہاں پوٹا لگایا تھا‘ شہتوش کو ممنوع قراردیا تھا اور بی جے پی نے عمرعبداللہ کو یہ دکھانے کے لئے دنیا بھر میں گھمایا تھا کہ جموں وکشمیر سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ دہشت گردی سے جڑا مسئلہ ہے جو پاکستان پر حملہ کرکے حل کیا جاسکتا ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ میرے خیال میں بی جے پی کو شیخ فیملی اور عمر عبداللہ کا شکرگزار ہونا چاہئے جنہوں نے اسے یہاں اس کا ایجنڈہ لاگو کرنے میں مدد دی۔

پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جہاں تک میری فیملی اور میری پارٹی کا تعلق ہے‘ مودی کو یاد رکھنا چاہئے کہ بی جے پی نے تشکیل ِ حکومت کے لئے دو مرتبہ میری پارٹی سے گزارش کی تھی۔ وہ چل کر میرے در پر آئی تھی۔ ہم نے شرط لگائی تھی کہ دفعہ 370 کو ہاتھ نہیں لگایا جائے گا‘ سڑکیں کھولی جائیں گی‘ افسپا ہٹایا جائے گا‘ پاکستان اور حریت سے بات چیت کی جائے گی۔