دہلی

رعنا ایوب نے زائد2.5 کروڑ روپے اکٹھا کئے: ای ڈی

ای ڈی کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ فنڈس آن لائن پلیٹ فارمس کے ذریعہ اکٹھاکئے گئے تھے اور ان کے والد اور بہن کے کھاتوں میں وصول ہوئے تھے۔ بعدازاں انہیں شخصی کھاتہ میں منتقل کردیا گیا۔

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) نے صحافی رعنا ایوب کے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے کووِڈ راحت کے لئے 3 مہم شروع کی تھیں اور 2,69,44,680 روپے اکٹھا کئے تھے جنہیں بعدازاں اپنے شخصی کھاتہ میں منتقل کرلیا تھا۔

اس طرح انہوں نے غیرقانونی طورپر پبلک فنڈ حاصل کرلیا تھا اور عام آدمی کو دھوکہ دیا تھا۔ اس فنڈ سے صرف 29لاکھ روپے راحت رسانی کے لئے استعمال کئے گئے تھے اور باقی رقم رعنا ایوب نے ہڑپ لی تھی۔

 ای ڈی کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ فنڈس آن لائن پلیٹ فارمس کے ذریعہ اکٹھاکئے گئے تھے اور ان کے والد اور بہن کے کھاتوں میں وصول ہوئے تھے۔ بعدازاں انہیں شخصی کھاتہ میں منتقل کردیا گیا۔ ایوب نے اپنے لئے 50لاکھ روپے کا فکسڈ ڈپازٹ کرنے ان فنڈس کا استعمال کیا اور مزید 50لاکھ روپے ایک نئے بینک کھاتہ میں منتقل کئے۔

 یہ چارج شیٹ غازی آباد میں انسدادِ منی لانڈرنگ کی خصوصی عدالت میں داخل کی گئی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے اترپردیش کے غازی آباد کے اندراپورم پولیس اسٹیشن میں 2021 میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی تھیں۔

چارج شیٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ رعنا ایوب نے خیراتی مقاصد کے لئے عوام سے غیرقانونی طورپر فنڈس اکٹھا کئے۔ انہوں نے آن لائن کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم (KETTO)  پر فنڈ ریزنگ مہم چلائی۔ ای ڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ رعنا ایوب نے ایف سی آر اے کے تحت رجسٹریشن کرائے بغیر بیرونی عطیات حاصل کئے۔

 ای ڈی کو پتہ چلا کہ رعنا ایوب نے اپریل 2020 سے KETTO پلیٹ فارم پر فنڈس کی وصولی کی مہم شروع کی اور مجموعی طورپر 2,69,44,680 روپے اکٹھا کئے۔ انہوں نے جھونپڑپٹی کے مکینوں اور کسانوں‘ آسام‘ بہار اور مہاراشٹرا کے لئے ریلیف ورک اور ہندوستان میں کووِڈ 19کے متاثرین کے لئے رعنا ایوب اور ان کی ٹیم کی مدد کریں‘ کے نام سے مہمیں چلائی تھیں۔ ای ڈی کی تحقیقات میں پتہ چلا کہ ریلیف کے کام کے لئے صرف 29 لاکھ روپے استعمال کئے گئے تھے۔