حیدرآباد

چیف منسٹر کو مردانگی دکھانے بی جے پی ایم پی رگھونندن راؤ کا چیلنج

رگھونندن راؤ نے کہا کہ انتخابات کے دوران میدک میں بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی نے اندھا دھند رقم تقسیم کی لیکن پولیس نے متعدد شکایات درج کرنے کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا۔

حیدرآباد: حلقہ لوک سبھا سے بی جے پی کے نو منتخب رکن پارلیمنٹ ایم رگھو نندن راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ تلنگانہ کی مردانگی دکھاتے ہوئے  سابق چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راو کو گرفتار کر کے دکھائیں۔

متعلقہ خبریں
آرام گھر فلائی اوور کا چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح
تلنگانہ ہائی کورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست مسترد
ویڈیو: تلنگانہ بھون میں کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں میں تصام
بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
مہاراشٹرا اسمبلی الیکشن میں حصہ نہ لینے بی آر ایس کا فیصلہ

 انہوں نے کہا اگر ریونت ریڈی میں دم خم ہے تو وہ  ڈی سی پی رادھا کشن راؤ کے بیان کی بنیاد پر 30 جون تک سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو گرفتار کرکے بہادری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو ایک اور چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو اے سی پی بھوجنگ راؤ کے بیان کی بنیاد پر بی آر ایس ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ کو گرفتار کریں۔

 آج یہاں ریاستی بی جے پی کے دفتر میں ایم ایل اے،اے مہیشور ریڈی اور پلوائی ہریش بابو کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے چیف منسٹر کے اس بیان پر تنقید کی کہ بی آر ایس ووٹوں کی بی جے پی کو منتقلی کی وجہ سے رگھو نندن راو کو میدک میں کامیابی حاصل ہوئی۔

رگھونندن راو نے چیف منسٹر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا  ریونت ریڈی، جب آپ میرے اور میری پارٹی کے بارے میں بات کرتے ہیں تو محتاط رہیں۔ میں نے تلنگانہ تحریک میں پولیس کے ساتھ ’جئے تلنگانہ‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے حصہ لیا تھا۔

 میں آپ جیسے لوگوں سے نہیں ڈرتا۔ میں بی آر ایس چھوڑنے کے بعد وہ 2013 سے مسلسل کے سی آر اور ہریش راؤ کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی بہت بول رہے ہیں لیکن محبوب نگر ایم ایل سی کا ضمنی انتخاب اور ملکاجگیری پارلیمنٹ انتخابات میں پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے میں وہ ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ  چیف منسٹر کو وضاحت کرنا چاہیے کہ بی آر ایس نے اپنے ووٹ کانگریس کو منتقل کیے یا نہیں؟ کیونکہ کانگریس کو آٹھ پارلیمانی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی ضلع میدک میں کانگریس امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا میں کسی بھی مندر میں حلف لینے کے لیے تیار ہوں کہ ہریش راؤ نے بی آر ایس کے ووٹرس سے  مجھے ووٹ دینے کو نہیں کہا ہے۔ میں بھاگیہ لکشمی مندر آنے کے لیے تیار ہوں۔ ریونت ریڈی کو اپنے دوست ہریش راؤ کو اس مندر میں طلب کرنا چاہیے۔

 رکن پارلیمنٹ نے کہا ریونت ریڈی نے نیلم مادھو کو قربانی کا بکرا بنایا کیونکہ نیلم ہریش راو کی حامی ہیں۔انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ فون ٹیاپنگ کیس میں ہریش راؤ کی حفاظت کون کر رہا ہے؟۔ راگھونندن نے کہا نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں  حکومت ہریش راو کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہی ہے؟ جو اس وقت وزیر آبپاشی تھے۔

 انہوں نے کہا کیا یہ سچ نہیں ہے کہ چیف منسٹر اور ہریش راو نے نئی دہلی کے لیے ایک ہی فلائٹ میں بزنس کلاس میں سفر کیا تھا؟اور اس مسلہ پر تبادلہ خیال کیا تھا؟ رگھو نندن راو نے کہا چیف منسٹر کے لیے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ مجھ پر صرف اس لیے الزامات عائد کریں کہ میں اور ہریش راو ایک ہی ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران میدک میں بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی نے اندھا دھند رقم تقسیم کی لیکن پولیس نے متعدد شکایات درج کرنے کے باوجود انہیں گرفتار نہیں کیا۔