پارلیمانی انتخابات پر بی جے پی کی توجہ: کشن ریڈی
آج دفتر بی جے پی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور بی جے پی کی جانب سے پارلیمنٹ انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ و مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ساری توجہ پارلیمنٹ انتخابات پر مرکوز کررہی ہے۔ آج دفتر بی جے پی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور بی جے پی کی جانب سے پارلیمنٹ انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
کشن ریڈی نے پارٹی کے ضلعی صدور، انچارجس، پارلیمنٹ انچارجس کو پارلیمنٹ انتخابات کا سامنا کرنے تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو پارلیمنٹ انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار کرانا ہر قائد اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں اس ذمہ داری کو ادا کرنے کیلئے پوری طرح تیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آخری ہفتہ میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا، تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ انتخابات میں بی جے پی، تلنگانہ میں کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ اپنے بل بوتے پر تنہا انتخابات میں حصہ لے گی۔ ذرائع ابلاغ میں بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان امکانی اتحاد کو کشن ریڈی نے محض افواہ قرار دیا۔