شمالی بھارت

یاترا سے میں نے کسانوں‘ نوجوانوں اور قبائلیوں کا درد محسوس کیا: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسانوں‘ نوجوانوں اور قبائلیوں کا درد‘ ان سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے بعد محسوس کیا۔

مہوا (گجرات): کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسانوں‘ نوجوانوں اور قبائلیوں کا درد‘ ان سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے بعد محسوس کیا۔

گجرات میں اپنی پہلی الیکشن ریالی میں ضلع سورت کے مہوا کے قبائلیوں سے خطاب میں انہو ں نے کہا کہ قبائلی اس ملک کے اصل مالک ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی‘ قبائلیوں کے حقوق چھین رہی ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ بی جے پی والے آپ لوگوں کو وَن واسی کہتے ہیں۔

وہ یہ نہیں کہتے کہ آپ ہندوستان کے اصل مالک ہیں۔ وہ آپ کو جنگل میں رہنے والے لوگ قراردیتے ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ آپ لوگ شہروں میں رہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ آپ کے بچے انجینئر‘ ڈاکٹر بنیں‘ ہوائی جہاز اڑائیں اور انگریزی بولیں۔ بی جے پی والے چاہتے ہیں کہ آپ لوگ جنگل میں ہی رہیں۔ وہ یہاں تک نہیں رکتے۔

ان لوگوں نے آپ لوگوں سے جنگل بھی چھیننا شروع کردیا ہے۔ اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو آئندہ 5-10 سال میں تمام جنگل دو تین صنعت کاروں کے ہاتھوں میں ہوں گے اور آپ لوگوں کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں رہے گی۔ آپ لوگ تعلیم‘ صحت اور نوکریاں نہیں پاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو متحد کرنے کے لئے شروع کی گئی بھارت جوڑو یاترا میں انہوں نے کسانوں‘ نوجوانوں اور قبائلیوں کا درد ان کے مسائل سننے کے بعد محسوس کیا۔ 182 رکنی گجرات اسمبلی کے لئے 2 مرحلوں میں یکم دسمبر اور 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

اسی دوران اُس شخص کی شناخت ہوگئی ہے جس نے گزشتہ ہفتہ گمنام مکتوب میں دھمکی دی تھی کہ اندور میں بھارت جوڑو یاترا کے دوران دھماکے ہوں گے۔ اسے پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔