نیلے ڈرم سے برآمد ہوئی پھر ایک شوہر کی لاش، بیوی بچوں سمیت لاپتہ (ویڈیو)
اتر پردیش کے ضلع شاہجہانپور کے گاؤں نویدیا نوازپور کے رہنے والے 36 سالہ ہنسرام کشیپ کی لاش راجستھان کے ضلع آدرش نگر کالونی میں ایک نیلے رنگ کے ڈرم سے برآمد ہوئی ہے۔
شاہجہانپور/الور (راجستھان) اتر پردیش کے ضلع شاہجہانپور کے گاؤں نویدیا نوازپور کے رہنے والے 36 سالہ ہنسرام کشیپ کی لاش راجستھان کے ضلع آدرش نگر کالونی میں ایک نیلے رنگ کے ڈرم سے برآمد ہوئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہنسرام کے گاؤں اور گھر میں کہرام مچ گیا۔
مقتول کی ماں ارمیلا دیوی نے بتایا کہ ہنسرام کا اپنی بیوی لکشمی سے کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ تقریباً 15 دن پہلے اُس نے فون پر یقین دلایا تھا کہ رکشا بندھن کے موقع پر بیوی اور بچوں کے ساتھ گاؤں آنے والا ہے۔ لیکن اب اُس کی لاش گھر پہنچی ہے۔
بارہ سال قبل ہنسرام کی شادی لکشمی سے ہوئی تھی۔ روزگار نہ ملنے کے باعث وہ بیوی اور تین بچوں کے ساتھ راجستھان منتقل ہوگیا تھا اور وہاں بھٹّی میں مزدوری کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ہنسرام کی لاش کچن میں رکھے ایک نیلے ڈرم میں ملی، جس پر چادر ڈالی گئی تھی۔ ڈرم کے اندر لاش پر نمک بھی ڈالا گیا تھا تاکہ لاش جلد سڑ جائے اور بدبو نہ پھیلے۔ تاہم محلے میں تیز تعفن آنے پر واقعہ کا انکشاف ہوا۔
🧵 Rajasthan’s Blue Drum Horror vs Meerut’s Drum Murder – A Tale of Two Chilling Crimes
— Satyaagrah (@satyaagrahindia) August 18, 2025
🔹 Tweet 1/2 (200 words)
🛑 Rajasthan has been shaken by a spine-chilling discovery, echoing the infamous Meerut case, and the details are disturbing 👇
🏠 In Khairthal-Tijara, Alwar, police… pic.twitter.com/Q38CrDof8l
واقعہ کے بعد سے ہی ہنسرام کی بیوی لکشمی اپنے تینوں بچوں سمیت غائب ہے۔ اسی طرح مکان مالک کا بیٹا جیتندر شرما بھی لاپتہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیتندر اور ہنسرام ایک ہی بھٹّی پر کام کرتے تھے۔ پچھلے مہینے 5 جولائی کو جیتندر ہی ہنسرام اور اس کے اہل خانہ کو کرایہ کے مکان میں لے کر آیا تھا۔
راجستھان پولیس نے اتوار کی رات مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرکے خبر دی، جس کے بعد گاؤں کے پردھان کے ذریعہ افراد خاندان کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع پر ایف ایس ایل ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ مکان مالک راجیش شرما اور اس کے دونوں بیٹے واقعہ کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے، صرف جیتندر کا بیٹا اور ماں موجود تھے۔ محلے والوں کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی شام تک مقتول کے بچے محلے میں کھیلتے دکھائی دئے، لیکن اس کے بعد پورا خاندان لاپتہ ہوگیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مقتول کی بیوی، بچوں اور جیتندر کی تلاش شروع کردی ہے۔