احمد آباد طیارہ حادثہ کی اے اے آئی بی تحقیقات
مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مرلیدھر موہل نے کہاہے کہ احمد آباد طیارہ (اے آئی 171) حادثہ کی تمام زاویوں کی بشمول سبوتاج تحقیقات ایر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو(اے اے آئی بی) کررہا ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مرلیدھر موہل نے کہاہے کہ احمد آباد طیارہ (اے آئی 171) حادثہ کی تمام زاویوں کی بشمول سبوتاج تحقیقات ایر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو(اے اے آئی بی) کررہا ہے۔
این ڈی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ اے اے آئی بی مکمل انکوائری کررہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالا جارہا ہے۔ کئی ایجنسیاں تحقیقات میں حصہ لے رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ پہلے ایسا کبھی بھی نہیں ہوا کہ کسی طیارہ کے دو انجن ایک ساتھ بند ہوگئے ہوں۔
وہ سینئر پائلٹس اور ماہرین کے دعویٰ کا حوالہ دے رہے تھے۔ طیارہ کا بلیک باکس مل چکا ہے اور اس کی ساری تحقیقات اندرونی ملک ہوں گی۔ اِن آلات کو بیرون ملک نہیں بھیجا جائے گا۔
12 جون کو ایر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ایرپورٹ سے اُڑان بھرنے کے فوری بعد قریبی میڈیکل کالج ہاسٹل کینٹین پر گر کر تباہ ہوگئی تھی۔
دونوں سی وی آر اور ایف ڈی آر ایک 13 جون کو عمارت کی چھت سے اور دوسرا 16 جون کو ملبہ سے برآمد ہوئے۔ اِس حادثہ میں 270 افراد بشمول 241 مسافرین اور ارکان عملہ ہلاک ہوگئے تھے۔