نامپلی کورٹ کو بم سے اُڑادینے دھمکی، پولیس نے کورٹ خالی کرا کر تلاشی لی
شہر کی نامپلی کورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد کورٹ احاطے میں سنسنی پھیل گئی اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ دھمکی موصول ہوتے ہی کورٹ عملہ، وکلاء اور سماعت کے لیے آئے ہوئے سائلین میں افراتفری مچ گئی۔
حیدرآباد: شہر کی نامپلی کورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے بعد کورٹ احاطے میں سنسنی پھیل گئی اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ دھمکی موصول ہوتے ہی کورٹ عملہ، وکلاء اور سماعت کے لیے آئے ہوئے سائلین میں افراتفری مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور احتیاطی اقدامات کے تحت نامپلی کورٹ کو اپنی تحویل میں لے کر احاطے میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ کسی کو بھی کورٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
پولیس بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مل کر کورٹ احاطے کی باریک بینی سے تلاشی لے رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ٹالا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ بم دھمکی کہاں سے دی گئی اور اس کے پیچھے کون لوگ ملوث ہیں۔
تاحال کسی مشتبہ شے کی برآمدگی کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم احتیاط کے طور پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔