بی جے پی اور کانگریس دونوں ریزرویشن مخالف : مایاوتی
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ہفتہ کے دن بی جے پی اور کانگریس دونوں کو ریزرویشن پر ان کے ”بلند بانگ دعوؤں“ کے لئے نشانہ ئ تنقید بنایا۔
آگرہ (یوپی): بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ہفتہ کے دن بی جے پی اور کانگریس دونوں کو ریزرویشن پر ان کے ”بلند بانگ دعوؤں“ کے لئے نشانہ ئ تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں کوئی بھی نہیں چاہتی کہ ریزرویشن کے فوائد مستحق گروپس تک پہنچیں۔ آگرہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے دونوں جماعتوں اور سماج وادی پارٹی کو سرکاری نوکریوں کی ترقیوں میں ریزرویشن کو ”غیرموثر“ بنادینے کے لئے موردِالزام ٹھہرایا۔
سابق چیف منسٹر نے کہا کہ زیادہ تر کام خانگی شعبہ کو سونپا جارہا ہے۔ خانگی شعبہ میں چونکہ ریزرویشن کی گنجائش نہیں ہے‘ کوٹہ کا بہت کم فائدہ مستحق گروپس کو ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کے تعلق سے بہت کچھ کہا جارہا ہے۔
کانگریس اور بی جے پی دونوں ایس سی/ ایس ٹی اور او بی سی کوٹہ کے مسئلہ پر بڑے بڑے دعوے کررہی ہیں لیکن یہ دونوں جماعتیں ریزرویشن کے خلاف ہیں اور نہیں چاہتیں کہ ریزرویشن کا بھرپور فائدہ ان طبقات کو ملے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریوں میں محفوظ زمرہ کی خالی جائیدادیں پر نہیں کی گئیں۔
اترپردیش میں سماج وادی پارٹی دورِ حکومت میں ترقیوں میں ریزرویشن ختم کردیا گیا۔ بی ایس پی قائد نے کہا کہ پسماندہ گروپس کا استحصال بند ہونا چاہئے۔ آگرہ‘ فتح پور سیکری اور ہاتھرس میں بی ایس پی امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے جاتو‘ برہمن اور دھنگر ذاتوں کے امیدواروں کو نمائندگی دی ہے۔
ان حلقوں میں تیسرے مرحلہ کے تحت 7مئی کو پولنگ ہوگی۔ بی ایس پی قائد نے بی جے پی کو نشانہ ئ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے دیئے جانے والے مفت غذائی اجناس کی دُہائی دے کر ووٹ مانگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں غریبوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ فری راشن بی جے پی یا نریندر مودی جی کی جیب سے نہیں آرہا ہے بلکہ یہ اُن ٹیکسس کا نتیجہ ہے جو آپ ادا کرتے ہیں۔ بی جے پی یا مودی جی کسی قسم کی کوئی مہربانی نہیں کررہے ہیں۔