یوروپ

برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے معافی مانگ لی

گزشتہ ماہ کے منی بجٹ کے بعد برطانیہ کی مارکیٹس میں افرا تفری دیکھنے میں آرہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق منی بجٹ میں عائد ٹیکس کٹوتیوں کے باعث وزیراعظم لِز ٹرس کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔

لندن: برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس نے ملک میں معاشی پلانز پر یو ٹرن لینے کے بعد معافی مانگ لی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم کا ٹی وی انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’میں غلطیوں کی ذمہ داری لیتی ہوں اور جو غلطیاں ہوگئیں ان پر معذرت کرتی ہوں‘۔

برطانیہ میں حالیہ اصلاحات کے باعث معاشی بدحالی پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم بہت تیزی سے بہت دور چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ میں اب بھی اس ملک کے لیے ڈیلیور کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ کے منی بجٹ کے بعد برطانیہ کی مارکیٹس میں افرا تفری دیکھنے میں آرہی تھی۔ رپورٹس کے مطابق منی بجٹ میں عائد ٹیکس کٹوتیوں کے باعث وزیراعظم لِز ٹرس کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے وزیر خزانہ کواسی کواٹرنگ کو فارغ کر کے ان کی جگہ جیریمی ہنٹ کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا تھا۔

اس حوالے سے نئے وزیر خزانہ جیریمی ہنٹ نے منی بجٹ میں اعلان کردہ ٹیکس کٹوتیوں میں سے تقریباً تمام کو تبدیل کر نے کا اعلان کیااور کہا کہ توانائی کے بلز کو بھی کم کیا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق حکومت نے منی بجٹ میں مزید تبدیلیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔