کانگریس میں شامل ہونے بی آر ایس لیڈر کونیر کونپا کا فیصلہ
حلقہ سرپور کی نمائندگی کئے سابق ایم ایل اے نے بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے بی آر ایس کے فیصلہ پر شدیدردعمل کا اظہار کیا ہے۔بی ایس پی کے ریاستی صدرآر ایس پروین کمار نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں سرپور حلقہ سے مقابلہ کیا تھا۔

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے ایک قائد نے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس قیادت کی جانب سے بھوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ساتھ اتحاد کرنے کے فیصلہ پر سابق ایم ایل اے کونیرو کونپا نے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
انہوں نے مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے کیلئے اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیاہے۔ ان کی آج دیر گئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کا امکان ہے تاکہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جاسکے۔
حلقہ سرپور کی نمائندگی کئے سابق ایم ایل اے نے بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے بی آر ایس کے فیصلہ پر شدیدردعمل کا اظہار کیا ہے۔بی ایس پی کے ریاستی صدرآر ایس پروین کمار نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں سرپور حلقہ سے مقابلہ کیا تھا۔
کونیرو کونپا کے حامیوں کا کہنا ہے کہ پروین کمار کی انتخابی میدان میں آمد کی وجہ ان کے قائد کو انتخابات میں شکست ہوئی۔کونیرو کونپا جو کہ 3مرتبہ رکن اسمبلی رہے ہیں۔ انہیں بی جے پی کے پی ہریش بابو نے شکست دے دی۔2004 میں کونیر کوپنا نے کانگریس ٹکٹ پر سرپور سے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی۔
بی آر ایس اور بی ایس پی نے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں صدر بی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ اور پروین کمار کے درمیان ہوئی ملاقات میں مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد اتحاد کا اعلان کیا گیا۔
سابق چیف منسٹر نے بی ایس پی کیلئے لوک سبھا کی بعض نشستیں چھوڑنے کیلئے رضا مندی کا اظہار کیاہے۔چندر شیکھر راؤ اور بی ایس پی لیڈر مایاوتی کے درمیان بات چیت کے بعد نشستوں کی حصہ داری کے تعلق سے تفصیلات کا اعلان کئے جانے کاامکان ہے۔