حیدرآباد

بی آر ایس، رودِ موسیٰ کی بحالی کے خلاف نہیں: ہریش راؤ

سابق وزیر اور سینئر بی آر ایس ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے چالینج کو قبول کرنے کا اعلان کیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) سابق وزیر اور سینئر بی آر ایس ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے چالینج کو قبول کرنے کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں
حکومت کی انہدامی کارروائی، پارٹی، متاثرین کو مفت قانونی امداد فراہم کرے گی: ہریش راؤ
حیدرآباد، شراب کی فروخت میں سرفہرست
خانگی کالجس، ریاست گیرہڑتال سے دستبردار
ممتاز صنعت کار گوتم اڈانی کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
ماونواز لیڈر کشن جی کی اہلیہ سجاتکا زیرحراست!

چیف منسٹر نے موسی پروجیکٹ اور ملناساگر کے متاثرین کے مسئلہ پر کسی بھی قائد سے ملاقات کرنے اور بحث کا چالینج کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ایک حقیقی ندی کی بحالی کے منصوبے کو ایک رئیل اسٹیٹ وینچر میں تبدیل کر رہی ہے۔

ہریش راو نے کہا آپ وقت اور تاریخ کا انتخاب کریں میں کل صبح 9 بجے تک تیار ہو جاؤں گا۔ میں گاڑی چلا کر موسیٰ پروجکٹ کی بحالی کے نام پر بیدخل کئے گئے افراد سے ملاقات کروں گا، اس کے بعد ملنا ساگر اور پوچماں ساگر پر بحث ہوگی۔

چیف منسٹرکے چالینج کو قبول کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس‘ موسیٰ ندی کی بحالی کے خلاف نہیں ہے ہم کانگریس حکومت کے رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس کے مخالف ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت اس پروجیکٹ کے لیے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ جاری کرے جس میں تمام اجازتیں شامل کرے، اس وقت کی یو پی اے حکومت کے ذریعہ لائے گئے حصول اراضی قانون 2013 کے مطابق معاوضہ دے کر متاثرین کی بازآبادکاری کرے اور غیر ضروری نقل مکانی کرانے سے بھی گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے حصول اراضی ایکٹ کے مطابق ملنا ساگر اور دیگر پروجیکٹس سے بے دخل افراد کو معاوضہ دیا تھا۔ چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس رئیل اسٹیٹ ٹائیکونز کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے موسیٰ ندی کے احیاء کو بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ میں تبدیل کر رہی ہے۔ ”ہم موسیٰ ندی کی بحالی کے خلاف نہیں ہیں۔

ہم آپ کی بلڈوزر پالیسیوں اور رئیل اسٹیٹ کے جنون کی مخالفت کرتے ہیں جس سے آپ نے غریب اور متوسط طبقہ کو متاثر کیا ہے۔ سابق وزیر نے ریونت ریڈی کی پیشکش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب کہ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ یہ ندی کو بحال کرنے کا منصوبہ ہے، کنسلٹنسی فرم جس نے پریزنٹیشن تیار کی، اس نے فلک بوس عمارتوں اور پلوں کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر کی نمائش کی، ان کا نیویارک کے ٹائمز اسکوائر اور لندن کے دریائے ٹیمز سے موازنہ کیا۔

انہوں نے کہا چیف منسٹر کے پالتو منصوبے کی شروعات تباہی سے ہوئی جو کہ ناقابل قبول ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے رودِ موسیٰ کی حقیقی بحالی کے بجائے ”خوبصورتی“ کو ترجیح دے کر عوام کو دھوکہ دیا۔ ہریش راؤ نے نشاندہی کی کہ جب چیف منسٹر نے بفر زون میں مکانات کو منہدم کرنے کی بات کی تو انہوں نے انہی علاقوں میں ہمہ منزلہ مال کی تعمیر کی اجازت کیوں دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کانگریس قائدین کے ان مضحکہ خیز دعووں پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس طرح کے پروجیکٹس کو ماحولیاتی منظوری کی ضرورت نہیں ہے؟۔ انہوں نے کہا سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت نے موسیٰ ندی کی بحالی کی شروعات کی۔

ریونت ریڈی نے اسے زمینوں پر قبضہ کرنے کی اسکیم میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریونت ریڈی سابق نلگنڈہ ضلع کے لوگوں کو جھوٹے وعدوں کے ساتھ مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہریش راو نے مطالبہ کیا کہ اگر ضلع نلگنڈہ کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کا عہد کیا گیا تو حکومت کو نلگنڈہ کے لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔