سابق وزیراعلی تلنگانہ چندرشیکھرراو سے ایس آئی ٹی کی پوچھ گچھ کیخلاف بی آرایس کا احتجاج
تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراو کو فون ٹیپنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی کی جانب سے پوچھ گچھ کئے جانے کے خلاف اتوار کو متحدہ ضلع عادل آباد میں بی آر ایس کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراو کو فون ٹیپنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی کی جانب سے پوچھ گچھ کئے جانے کے خلاف اتوار کو متحدہ ضلع عادل آباد میں بی آر ایس کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔
سابق وزیر جوگو رامنا نے کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فون ٹیپنگ کیس کے بہانے بی آر ایس قائدین کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے عادل آباد ٹاؤن میں وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی کا پتلا نذرآتش کرنے کی قیادت کی جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے کر رورل پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ اس احتجاج کے دوران نرمل، منچریال اور کومرم بھیم آصف آباد اضلاع کے مختلف حصوں میں کارکنوں نے سڑکوں پر دھرنا دیا، سیاہ جھنڈے لہرائے اور ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
بی آر ایس کارکنوں کا موقف ہے کہ کانگریس حکومت کے چندرشیکھرراوکو اس کیس میں طلب کر کے انتقام کی سیاست کر رہی ہے اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔