بی آر ایس کی باقی کارڈ مہم مضحکہ خیز، بی سی ریزرویشن معاملہ میں کانگریس کا ہمیشہ وعدے کے مطابق عمل:مہیش کمارگوڑ
انہوں نے کہا کہ بی سی ریزرویشن کانگریس پارٹی کے عہد کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ بی جے پی اور بی آر ایس مل کر کانگریس کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور زہر افشانی کرتے ہوئے مہم چلا رہے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے سربراہ مہیش کمارگوڑ کہا ہے کہ بی سی ریزرویشن کے معاملہ میں کانگریس پارٹی ہمیشہ وعدے کے مطابق عمل کرتی ہے اور یہ بات ایک بار پھر ثابت ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی سی ریزرویشن کانگریس پارٹی کے عہد کی عکاسی کرتے ہیں جبکہ بی جے پی اور بی آر ایس مل کر کانگریس کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور زہر افشانی کرتے ہوئے مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے لئے بی آر ایس کی حکومت کی جانب سے کئے گئے بقایا قرضوں کی سود کی ذمہ داری کانگریس نے اٹھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ایس کی باقی کارڈکی مہم عوام کے لئے مضحکہ خیز اور دھوکہ دینے والی ہے کیونکہ عوام کو دی جانے والی سکیمیں، جیسے راشن کارڈس، کسان بھروسہ، صحت سکیم، گیس سبسڈی اور مفت بجلی باقی نہیں ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس کی 10 سالہ حکومت تلنگانہ کو نقصان پہنچانے والی رہی اور اس دوران کئی اسکیموں میں اسکینڈلس سامنے آئے، جیسے کالیشورم منصوبہ اور فارمولا کار ریس۔ بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ کے عوام کو قرضوں کے بوجھ میں ڈال دیا جبکہ بی جے پی مرکزی حکومت کے ذریعہ کھاد اور جی ایس ٹی کے معاملہ میں عوام کا کروڑوں روپے ہڑپ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی شفاف طریقہ سے بی سی کی ذات کا سروے کروا چکی ہے اور بی سی ریزرویشن پر پارٹیوں سے بالاتر ہو کر تائید کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ بی جے پی کے قائدین نے بی سی ریزرویشن کے لئے آگے آنے کی ہمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ بی سی ریزرویشن کے حق میں آنے کی امید ہے اور کانگریس پارٹی عوام کے دلوں میں قائم ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی بلدی اداروں کے انتخابات میں کانگریس 80 فیصد سے زائد نشستیں جیتے گی اور جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بھی پارٹی کامیاب ہوگی۔