سعیدآباد میں آٹو ڈرائیور کا بہیمانہ قتل
دورانِ تفتیش اطلاع ملی کہ سنتوش نگر میں درگاہ کے قریب واقع شمشان گھاٹ میں ایک نوجوان خون میں لت پت حالت میں پڑا ہوا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت محمد اسلم کے طور پر کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال منتقل کیا۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے سعیدآباد علاقہ میں ایک آٹو ڈرائیور کو پراسرار حالات میں بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ منگل کے روز سنتوش نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔
سنتوش نگر انسپکٹر کولا ستیہ نارائنا کے مطابق، مقتول کی شناخت محمد اسلم (22 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو بندلہ گوڑہ کا رہائشی تھا اور پیشہ کے لحاظ سے آٹو ڈرائیور تھا۔ پیر کی صبح اسلم گھر سے نکلا تھا، لیکن شام تک واپس نہ آنے پر افراد خاندان نے بنڈلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن میں اس کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔
پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔ دورانِ تفتیش اطلاع ملی کہ سنتوش نگر میں درگاہ کے قریب واقع شمشان گھاٹ میں ایک نوجوان خون میں لت پت حالت میں پڑا ہوا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت محمد اسلم کے طور پر کی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال منتقل کیا۔
اسلم کی والدہ، ریحانہ بیگم نے پولیس کو شکایت میں بتایا کہ ان کے بیٹے کے قتل کا ذمہ دار ایک شخص فیضل ہے۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور قتل کی وجوہات کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔