بی ایس پی تلنگانہ میں 17لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی
بی ایس پی تلنگانہ کے سربراہ آرایس پراوین کمارنے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ریاست کی 17لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔
حیدرآباد: بی ایس پی تلنگانہ کے سربراہ آرایس پراوین کمارنے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ریاست کی 17لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے ایک تلگونیوزچینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً آج ملک کا آئین خطرے میں ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت آر ایس ایس اور اس کی تمام ذیلی تنظیمیں آئین کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہیں، یہ تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ اس آئین کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
بہوجن سماج پارٹی آئین کے اقدار پر بنی ہے، ہم اس آئین کی مخالفت کرنے والی کسی بھی پارٹی کو ضرور شکست دیں گے۔ ساتھ ہی ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ آئین کے دیئے ہوئے حقوق کا تحفظ کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی ایس پی انصاف، آزادی،مساوات اور بھائی چارہ کے تحفظ کو یقینی بنانے والی پارٹی کا نام ہے۔عوام کو دستور پر بھروسہ ہے۔
اس سوال پر کہ وہ کس حلقہ سے مقابلہ کریں گے تو انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ پارٹی کی قومی سربراہ مایاوتی کریں گی۔انہوں نے کہاکہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ ان کی طرف سے کون لڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ناقابل بیان، غیر متعلقہ، غیر مہذب نظریات پرمبنی مباحث ہورہے ہیں۔حکومت 6ضمانتوں کی بات کررہی ہے پہلے وہ عوام کی جان،عبادت گاہوں کے تحفظ،مذہب،مذہبی آزادی کی ضمانت دے۔
اس پر ایک منٹ ایک لمحہ بات کئے بغیرمیڈی گڈہ، کرشنا اور گوداوری کے بارے میں اسمبلی میں بات کی جارہی ہے۔