سرکاری اسکولس کو مستحکم کرنے اور بچوں کے داخلہ کیلئے بڈی باٹا پروگرام
پروگرام کا ایک اور اہم مقصد گھر گھر مہم چلا کر تعلیم سے دور رہنے والے بچوں کو اسکولوں تک پہنچانا اور بڑے پیمانے پر خواندگی ولڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دینا ہے۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں کو مستحکم کرنے اور تمام بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے ہر سال ”بڈی باٹا“پروگرام کا اہتمام کرتی ہے۔ یہ پروگرام 3 جون سے شروع ہوگا۔ ریاست بھر میں 3 سے 19 جون تک والدین کو تعلیم کی اہمیت سے واقف کروایاجائے گا۔
پروگرام کا ایک اور اہم مقصد گھر گھر مہم چلا کر تعلیم سے دور رہنے والے بچوں کو اسکولوں تک پہنچانا اور بڑے پیمانے پر خواندگی ولڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دینا ہے۔پروگرام کے تحت سرکاری اسکولس کی خصوصیات پر گھر گھر تشہیر کرتے ہوئے بچوں کو اسکولس میں داخلہ دلانے کی خواہش کی جائے گی۔
تعلیمی سال 2024-25کے دوران 3جون سے 19جون تک ریاست بھرمیں یہ پروگرام منعقد کیاجائے گا۔اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ ترک تعلیم کرنے والے بچوں کی نشاندہی کرتے ہوئے قریبی سرکاری اسکولس میں ان کے داخلہ کو یقینی بنائیں۔
ان کومعیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائے۔کلکٹرس،اضلاع کے محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں،منڈل پریشد کے عہدیداروں اورصدورمدارس کو اہم رول اداکرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
3تا11جون طلبہ کے اندراج کا کام کیاجائے گا۔دیہی سطح پر اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔4جون کو گھر گھر جاکر ایسے بچوں کی نشاندہی اور ان کے اندراج کا کام کیاجائے گا۔5جون سے 10جون تک آنگن واڑی کے لئے بچوں کاانتخاب کیاجائے گا۔12
جون کو اسکولس کی کشادگی کے پیش نظر اسکولس میں سجاوٹ کا کام کرتے ہوئے اسکولس کی عمارت کو پُرکشش بنایاجائے گا۔13جون کو فاونڈیشن ڈے، نیومریسی ڈے کا اہتمام کیاجائے گا۔14جون کو مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔
اس پروگرام میں اکشراابھیاس کی مشق کرائی جائے گی۔15جون کو لڑکیوں کی تعلیم کا دن منایاجائے گا۔18جون کو کلاس روم ڈیجٹلائزیشن پر طلبہ میں بیداری پیداکی جائے گی اورپودے لگائے جائیں گے۔19جون کو کھیل کے دن کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام عمل میں آئے گا۔