انٹرٹینمنٹ

ڈرگس سے پاک تلنگانہ کی تعمیر، نوجوان تعاون کریں: جونیر این ٹی آر

ٹالی ووڈ کے مقبول عام اداکار جونیر این ٹی آر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات (ڈرگس) سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے حکومت تلنگانہ کی مساعی میں شراکت دار بنیں۔

حیدرآباد: ٹالی ووڈ کے مقبول عام اداکار جونیر این ٹی آر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات (ڈرگس) سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے حکومت تلنگانہ کی مساعی میں شراکت دار بنیں۔

متعلقہ خبریں
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس
گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر میں ’’نومبر کی عظیم شخصیات‘‘ کے پانچ روزہ جشن کا شاندار اختتام، انعامی تقریب کا انعقاد
لوکل باڈیز انتخابات کے سلسلے میں کانگریس قائد عثمان بن محمد الہاجری کا اہم دورہ

اپنی آنے والی فلم ”دیوارا پارٹ l“ کی ریلیز سے قبل نوجوان فلمی اداکار نے منشیات کے خلاف شعور بیداری کیلئے اپنی آواز میں ایک ویڈیو جاری کیا۔ جونیر این ٹی آر نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ منشیات کا عادی بنتے ہوئے نوجوان اپنی زندگیاں تباہ کررہے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرگس سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاعات، تلنگانہ اینٹی نارکو ٹیکس بیورو سے شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے مگر بدقسمتی سے کچھ افراد، عارضی راحت کیلئے منشیات کے استعمال کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ اور اپنے عزیز واقارب کے کھوجانے کے غم کو بھولنے یا دوستوں کے دباؤ یا طرز حیات کی وجہ سے آج نوجوان منشیات کے عادی ہوتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی بہت قیمتی ہے۔ آئیے آپ نوجوان میرے ساتھ جڑجائیں ہم، منشیات سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے حکومت کی کوشش کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اگر کوئی منشیات کی لت میں گھرا ہے تو، اس بارے میں تلنگانہ اینٹی نارکو ٹیکس یا فون نمبر871261111 پر اطلاع دیں۔

جونیر این ٹی آر کے ویڈیو پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فلمی صنعت سے سماجی ذمہ داریوں کے حصہ کے طور پر منشیات اور سائبر کرائم کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے آگے آنے کی اپیل کی ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت اُسی صورت میں فلم کی شوٹنگ کی اجازت دے گی اور فلم ٹکٹس کی شرحوں میں اضافہ کرے گی اگر فلم ساز، منشیات کی لت اور سائبر کرائم کے خلاف عوامی شعور بیدار کیلئے ویڈیوز تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیڑھ منٹ سے2منٹ کے ویڈیوز میں فلمی ستاروں کو دکھایا جانا چاہئے۔

حکومت تلنگانہ نے23 ستمبر کو دیورا پارٹI فلم کے ٹکٹوں میں اضافہ کا حکم دیا ہے۔ یہ فلم 27 ستمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ حکومت نے مداحوں کے مطالبہ کی تکمیل پر متذکر ہ فلم کے شوز کی تعداد میں اضافہ کی اجازت دے دی ہے۔ فلم کی ریلیز کے پہلے دن فلم کے6 شوز چلیں گے جس کا آغاز صبح 4بجے سے ہوگا اور اس دن ٹکٹ کی شرح میں 100روپے تک اضافہ کیا گیا۔

دوسرے دن (28 ستمبر)سے6/ اکتوبر تک 10دنوں تک روزانہ یہ فلم 5شوز میں دکھائی جائے گی۔ اس دوران ملٹی پیلکس اور سنگل اسکرین تھیٹرس میں فلم کے ٹکٹوں میں بالترتیب50 روپے اور25 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جونیر این ٹی آر نے احکامات کی اجرائی پر سوشل میڈیا پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر سینما ٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔