بس الٹ گئی۔19 مسافرین زخمی
تلنگانہ کے جوگولامبا گدوال ضلع کے گاؤں اتکیالا پاڈو میں جمعرات کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک تیز رفتار بس بے قابو ہو کر قومی شاہراہ پر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 19 مسافرین زخمی ہو گئے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے جوگولامبا گدوال ضلع کے گاؤں اتکیالا پاڈو میں جمعرات کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک تیز رفتار بس بے قابو ہو کر قومی شاہراہ پر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 19 مسافرین زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بس حیدرآباد سے اننت پور کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور بس سڑک پر ہی الٹ گئی۔ شاہراہ سے گزرنے والے دیگر مسافروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور امدادی کام شروع کئے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو فوری علاج کے لئے کرنول کے سرکاری اسپتال منتقل کیا جہاں بعض مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بس کے الٹنے کی وجہ سے ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
پولیس نے کرین کی مدد سے بس کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرایا۔ متعلقہ پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔