امریکہ و کینیڈا

وائٹ ہاؤس کے گیٹ سے گاڑی ٹکرائی، ڈرائیور کی موت

امریکہ میں صدارتی رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کے دروازے سے نامعلوم شخص نے گاڑی ٹکرا دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔

واشنگٹن: امریکہ میں صدارتی رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کے دروازے سے نامعلوم شخص نے گاڑی ٹکرا دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔

متعلقہ خبریں
ضلع سرسلہ میں 30بندر مردہ پائے گئے
بابا صدیقی قتل کیس میں 11 ویں گرفتاری
بھگوان کو تو سیاست سے دور رکھیں: سپریم کورٹ
مرزا پور میں گاؤکشی کے الزام میں 8 حراست میں
نرملا سیتارمن کے خلاف تحقیقات پر کرناٹک ہائی کورٹ کی روک

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات گئے پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے بیرونی دروازے سے ٹکرائی جس کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

امریکی صدر کی حفاظت پر معمور سیکرٹ سروس کے بیان کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شب ساڑھے 10 بجے کے قریب وائٹ ہاؤس کمپلیکس کے بیرونی گیٹ سے تیز رفتار کار ٹکرائی، جس کا ڈرائیور موقع پر مردہ پایا گیا۔

حادثے کے فوری بعد غیر متعین سیکیورٹی پروٹوکول لاگو کیا گیا اور گاڑی کو سیکرٹ سروس کے افسران نے کلیئر قرار دیا۔

سیکرٹ سروس کے مطابق ڈی سی پولیس نے ڈرائیور کی شناخت ایک بالغ مرد کے طور پر کی تھی جو گاڑی میں مردہ پایا گیا، تاہم، وہ کون ہے اس کی شناخت نہیں ہوسکی، لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی سی پولیس نے کہا کہ اس وقت حادثے کی تحقیقات ‘صرف ایک ٹریفک حادثہ’ کے طور پر کی جا رہی ہیں۔

سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کو کوئی خطرہ نہیں اور نہ ہی عوامی تحفظ کے حوالے سے کوئی خطرات ہیں تاہم سیکریٹ سروس نے پولیس اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کے فائر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر اس مہلک حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس سے کار ٹکرانے کا چار ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال جنوری میں حکام نے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا جس نے اسی مقام پر گاڑی ٹکرائی تھی۔