رکن اسمبلی بی آر ایس کے خلاف کیس درج
دفتر سائبر آباد کمشنر میں جمعرات کے روز پیش آئے واقعہ کے ضمن میں سائبر آباد پولیس نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی پاڈی کوشک ریڈی کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔

حیدر آباد: دفتر سائبر آباد کمشنر میں جمعرات کے روز پیش آئے واقعہ کے ضمن میں سائبر آباد پولیس نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی پاڈی کوشک ریڈی کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔
منحرف رکن اسمبلی اریکاپوڈی گاندھی اور ان کے حامیوں کی جانب سے کل کوشک ریڈی کے مکان پر حملہ کے خلاف پارٹی قائدین کے ساتھ ریڈی نے دفتر سائبر آباد پولیس کمشنر میں احتجاج منظم کیا گیا۔
رائے درگم پولیس اسٹیشن میں کوشک ریڈی کے خلاف بی این ایس کی دفعات 132 (حملہ یا عہدیدار کو فرائض کی ادائیگی سے روکنے کا جرم) اور 351(3) (مجرمانہ سازش) کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس روی چندن کی شکایت پر رکن اسمبلی حضور آباد کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ کونڈا پور میں کوشک ریڈی کے مکان پر حملہ کے خلاف جمعرات کے روز دفتر سائبر آباد کمشنر میں کوشک ریڈی نے ٹی ہریش راؤ اور پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ دھرنا دیتے ہوئے گاندھی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس دوران بی آر ایس قائدین اور پولیس عہدیداروں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ اس دوران کوشک ریڈی نے ایڈیشنل ڈی سی پی کو ڈھکیل دیا اور انہوں نے اس پولیس عہدیدار کو اس کا خمیازہ بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔