زیکا وائرس، حکومت نے تمام ریاستوں کو کیا الرٹ
ریاستوں سے کہاگیاکہ حاملہ عورتوں کی اسکریننگ پر توجہ دی جائے۔ زیکا مچھر سے پیدا ہونے والا ڈینگو اور چکن گنیاجیسا مرض ہے حالانکہ یہ مہلک نہیں ہے۔
نئی دہلی: مہاراشٹرا کے بعض حصوں میں زیکاوائرس کے بعض کیسس رپورٹ ہونے کے بعد مرکزی وزارتِ صحت نے چہارشنبہ کے دن تمام ریاستوں کو اڈوائزری جاری کی کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظررکھیں۔
ریاستوں سے کہاگیاکہ حاملہ عورتوں کی اسکریننگ پر توجہ دی جائے۔ زیکا مچھر سے پیدا ہونے والا ڈینگو اور چکن گنیاجیسا مرض ہے حالانکہ یہ مہلک نہیں ہے۔
دورانِ حمل کسی خاتون میں یہ وائرس پایاجائے تو اسے پیدا ہونے والے بچے کا سر چھوٹا ہوتا ہے۔
یو این آئی کے بموجب صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے مہاراشٹر میں زیکا وائرس کے معاملات کو دیکھتے ہوئے تمام ریاستوں سے الرٹ رہنے کے لئے کہا ہے۔
وزارت کے ڈائرکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) ڈاکٹر اتل گوئل نے چہارشنبہ کو مہاراشٹر میں زیکا وائرس کے کچھ ریکارڈ شدہ کیسوں کے پیش نظر ریاستوں کو ایک ایڈوائزری جاری کی۔
اس میں ملک میں زیکا وائرس کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔ زیکا سے متاثرہ حاملہ خواتین کے جنین میں مائیکرو سیفلی اور اعصابی اثرات آجاتے ہیں، اس لیے ریاستوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ڈاکٹروں کو قریبی نگرانی کے لیے الرٹ کریں۔
ریاستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات یا متاثرہ علاقوں سے آنے والے کیسوں کی دیکھ بھال کرنے والے لوگوں کو ہدایت دیں کہ وہ حاملہ خواتین کا زیکا وائرس کے انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کرائیں، زیکا سے متاثرہ حاملہ ماؤں کے جنین کی نشوونما پر نظر رکھیں اور مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق کام کریں۔
ریاستوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صحت کی سہولیات اور اسپتالوں میں نوڈل افسر مقرر کریں۔ وہ اسپتال کے احاطے کو ایڈیس مچھروں سے پاک رکھنے کے لیے نگرانی اور کام کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
وزارت نے کہا کہ زیکا وائرس کسی بھی دوسرے وائرل انفیکشن کی طرح ہے، زیادہ تر کیسز غیر علامتی اور ہلکے ہوتے ہیں۔ 2016 کے بعد سے ملک میں زیکا سے وابستہ مائکروسیفلی کی کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔