مشرق وسطیٰ

مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اذان و اقامت کا درمیانی وقت بھی کم، نمازوں کا شیڈول تبدیل

سعودی عرب حرمین میں ادارہ دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ حج سیزن میں ضیوف الرحمن /اللہ کے مہمانوں کے تحفظ کی خاطر خطبہ جمعہ اور نماز کا دورانیہ مختصرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ: سعودی عرب حرمین میں ادارہ دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ حج سیزن میں ضیوف الرحمن /اللہ کے مہمانوں کے تحفظ کی خاطر خطبہ جمعہ اور نماز کا دورانیہ مختصرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں شدید گرمی کے باعث حرمین شریفین میں عازمین حج کی سہولت کے پیش نظر دینی امور کے سربراہ نے خصوصی ہدایت کی ہے تاکہ عازمین کو گرمی کی شدت سے بچایا جاسکے۔

شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ ادارہ حرمین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں جمعہ کا خطبہ اور نماز کا دورانیہ کم کرکے 15 منٹ کردیا گیا ہے، جبکہ تمام نمازوں کے اوقات میں بھی کمی کرتے ہوئے اذان اور اقامت کے درمیان کا وقت 5 سے 10 منٹ کردیا ہے۔

واضح رہے دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج اس وقت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ موسمِ گرما کی وجہ سے بیشتر معمر اور بیمار عازمین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں ذی الحج چاند نظر آ گیا ہے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات 5 جون کو ادا کیا جائے گا اور عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے گزشتہ روز رویت کمیٹی کا اجلاس ہوا جب کہ سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔عرب میڈیا کے مطابق سدیر، مکہ، تبوک، تمیر، ریاض اور دیگرعلاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں حاصل ہوئیں۔ اس کے بعد سعودی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔