انسٹاگرام ریلز ڈاؤن لوڈ فیچر متعارف، جانئے کیسے کریں ریلز کی ڈاؤن لوڈنگ؟
انسٹاگرام کے ہیڈ ایڈم موسیری نے کہا کہ اب کوئی بھی، دنیا میں کہیں بھی، انسٹاگرام ریلز کو براہ راست اپنے موبائل پر آسانی سے ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے اور آپ کو اب تھرڈ پارٹی ایپس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
دہلی: ایک حالیہ اپ ڈیٹ میں میٹا کی ملکیت والے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو پبلک اکاؤنٹس سے ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
اس نئے گراؤنڈ بریکنگ فیچر کے ذریعہ صارفین اپنی پسندیدہ ریلز کو براہ راست اپنے موبائل میں محفوظ کرسکتے ہیں۔
یہ خبر جاری کرتے ہوئے انسٹاگرام کے ہیڈ ایڈم موسیری نے کہا کہ اب کوئی بھی، دنیا میں کہیں بھی، انسٹاگرام ریلز کو براہ راست اپنے موبائل پر آسانی سے ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے اور آپ کو اب تھرڈ پارٹی ایپس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پبلک اکاؤنٹس رکھنے والے لوگوں کے لئے ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے آپشن بائی ڈیفالٹ کھلا رہے گا تاہم وہ پرائیویسی سیٹنگس میں جاکر اسے بند کرسکتے ہیں۔
تاہم ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت کا منفی پہلو یہ ہے کہ آپ کا تخلیقی مواد سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے ہر فرد کے لیے آسانی سے قابل رسائی ہوجائے گا۔
اس کے باوجود آپ اپنی پرائیویسی سیٹنگس کو ایڈجسٹ کرکے اپنی ریلز کو ڈاؤن لوڈ ہونے سے روک سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ 18 سال سے کم عمر کے انسٹاگرام صارفین کے لئے ریلز ڈاؤن لوڈ کا آپشن بطور ڈیفالٹ بند رہے گا تاہم ان کے پاس دیگر صارفین کو اپنی ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دینے کا اختیار ہوگا۔
پبلک اکاؤنٹس سے ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ:
جس ریل کو آپ ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہیں اس کے شیئر کے آپشن پر کلک کریں۔
آپشنس کی ایک فہرست اسکرین پر ظاہر ہوگی۔
وہاں سے ڈاؤن لوڈ کا آپشن منتخب کریں۔
بس آپ کی پسندیدہ ریل ڈاؤن لوڈ ہو کر آپ کے موبائل میں محفوظ ہوجائے گی۔
اسی طرح اکاؤنٹ ہولڈرز اپنی ریلز کے ڈاؤن لوڈ فیچر کو کیسے بند کر سکتے ہیں:
سیٹنگس میں جائیں۔
پرائیویسی پر کلک کریں۔
ریلز اور ریمکس کو منتخب کریں۔
لوگوں کو اپنی ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت دیں والے آپشن کو بند کردیں۔
ڈاؤن لوڈ کردہ ریلز کے بارے میں:
پبلک اکاؤنٹس سے ڈاؤن لوڈ کی گئی ریلز انسٹاگرام واٹر مارک کے ساتھ آئیں گی جس میں ریل بنانے والے/والی کا نام اور آڈیو انتساب دکھایا جائے گا اور یہ ریل اصل آڈیو کے ساتھ آئیں گی۔
اگرچہ ڈاؤن لوڈ کردہ مواد پر انسٹاگرام کا زیادہ کنٹرول نہیں ہے تاہم صارفین کو چاہئے کہ وہ پیسے کمانے کے لئے لوگوں کے ریل استعمال نہ کریں بلکہ زیادہ سے زیادہ اوریجنل کونٹینٹ تیار کرنے کی کوشش کریں، تب ہی آپ کو اپنی محنت کا پھل مل سکتا ہے۔