چھانگر بابا کا ریاکٹ، آئی ایس آئی سے روابط کا انکشاف، مدرسہ و ہسپتال کمپلیکس مسمار
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملک گیر مذہبی تبدیلی کے ریاکٹ کی تحقیقات کے دوران کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں جس کی قیادت خود ساختہ روحانی پیشوا چھانگر بابا کر رہے تھے۔

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملک گیر مذہبی تبدیلی کے ریاکٹ کی تحقیقات کے دوران کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں جس کی قیادت خود ساختہ روحانی پیشوا چھانگر بابا کر رہے تھے۔
ای ڈی کے مطابق اندرونی پیغامات میں ”پروجیکٹ“ ”مٹی پلٹنے“ اور ”کاجل“جیسے کوڈ ورڈس استعمال کیے جا رہے تھے۔ تفتیش کاروں نے ایسے لیجرز بھی برآمد کیے ہیں جن میں 1,500 سے زائد تبدیل شدہ افراد کے نام درج ہیں۔ خفیہ انٹلیجنس اطلاعات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ چھانگر بابا کے آئی ایس آئی سے جڑے عناصر کے ساتھ روابط تھے اور وہ مبینہ طور پر ہندو خواتین کو مذہب تبدیل کراکر ان کی شادی پاکستانی ایجنٹوں سے کروانے میں ملوث تھے۔
مزید یہ کہ ای ڈی نے انکشاف کیا ہے کہ اس نیٹ ورک نے جعلی شناخت‘ شیل اداروں اور پراکسی ٹرانزیکشنز کے ذریعہ 300 کروڑ روپے سے زائد کی بے نامی جائیدادیں حاصل کیں۔ ممبئی کے تاجر نوین روہرا جنہوں نے اپنی بیوی نیتو عرف نسرین کے ساتھ چھانگر کے زیر اثر مذہب تبدیل کیا‘ اس نیٹ ورک کے مالی ستون بنے۔
انہوں نے مبینہ طور پر غریب ہندوؤں کو قرض دے کر مذہب تبدیل کرایا اور فنڈس کے ذریعہ مہنگی جائیدادیں خریدی گئیں۔ 2021 میں نوین نے ایک حلف نامہ کے ذریعہ چھانگر سے وفاداری کا اعلان کیا اور ان کے غیر ملکی دوروں نے ایجنسیوں کو حوالہ‘ بیرونی فنڈنگ اور نظریاتی نیٹ ورکنگ کے امکانات پر سوچنے پر مجبور کیا۔ چھانگر کے بیٹے محبوب اور نوین کو اپریل میں گرفتار کیا گیا جبکہ نیتو اور چھانگر کو جون 2025 میں لکھنو سے گرفتار کیا گیا۔
ای ڈی کے مطابق متحدہ عرب امارات‘ عمان اور قطر جیسے ممالک سے اس نیٹ ورک کو 60 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ملی جو حوالہ‘ شیل این جی اوز اور نیپال میں کھاتے کے ذریعہ منتقل کی گئی۔ چھانگر نے مجموعی طور پر 22 بینک کھاتوں کا استعمال کیا اور ان میں آمدنی اکثر کسی مذہبی اجتماع یا پراپرٹی خریداری سے قبل بڑھ جاتی تھی۔ کئی جعلی این جی اوز اور ٹرسٹ ”مذہبی عطیات“ یا ”درگاہ فنڈنگ“کے نام پر رقم جمع کر کے اثاثے خریدتے تھے۔
ایک نمایاں لین دین لوناوالا میں 16 کروڑ روپے کی پراپرٹی خریداری ہے جو روہرا جوڑے کے نام ہے۔ مہاراشٹر اے ٹی ایس کی ٹیم ریاست بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کی چھانگر سے وابستہ جائیدادوں کی چھان بین کر رہی ہے جن میں ممبئی‘ پونے اور ناگپور شامل ہیں۔ ناگپور کی ایک این جی او اور چھانگر کے قریبی عید الاسلام پر بھی تحقیق جاری ہے۔ اُترولا، بلرام پور میں قائم چھانگر کے غیرقانونی مدرسہ‘ ہسپتال اور مذہبی اسکول پر مشتمل ایک ہمہ منزلہ کامپلکس کو 6 جولائی کو منہدم کر دیا گیا۔