چکن 65 میں، 65 کا مطلب کیا ہے؟ اس مشہور ڈش کے نام کے پیچھے چھپا دلچسپ راز
چکن 65 کا نام سنتے ہی منہ میں پانی آنے لگتا ہے۔ ملک کے تقریباً ہر ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے مینو میں شامل یہ مشہور ڈش لوگوں کی پسندیدہ اسٹارٹرس میں شمار ہوتی ہے۔ کرکرا اور مصالحہ دار چکن، کڑی پتہ اور ہری مرچوں کی خوشبو اس کے ذائقہ کو مزید خاص بناتی ہے۔
حیدرآباد: چکن 65 کا نام سنتے ہی منہ میں پانی آنے لگتا ہے۔ ملک کے تقریباً ہر ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے مینو میں شامل یہ مشہور ڈش لوگوں کی پسندیدہ اسٹارٹرس میں شمار ہوتی ہے۔ کرکرا اور مصالحہ دار چکن، کڑی پتہ اور ہری مرچوں کی خوشبو اس کے ذائقہ کو مزید خاص بناتی ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آخر اس ڈش کے نام میں 65 کا نمبر کیوں شامل ہے؟ اس کے پیچھے ایک دلچسپ کہانی ہے، جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
چکن 65 کے نام کے پیچھے سب سے زیادہ مشہور کہانی کا تعلق تمل ناڈو کے دارالحکومت چینائی سے ہے۔ کہا جاتا ہے کہ چینائی کے مشہور ہوٹل بوہاری (Buhari) نے 1965 میں پہلی مرتبہ اس ڈش کو متعارف کروایا تھا۔ چونکہ یہ ڈش 1965 میں تیار کی گئی تھی، اسی لیے اس کا نام چکن 65 رکھ دیا گیا۔ اس بارے میں یہی سب سے زیادہ مشہور نظریہ مانا جاتا ہے۔
چکن 65 کی مقبولیت کے ساتھ ہی اس کے نام کے بارے میں کئی دلچسپ باتیں بھی سامنے آئیں۔ ان میں سے چند مشہور کہانیاں یہ ہیں:
- مینو کارڈ میں 65 واں نمبر: ایک روایت کے مطابق کسی ہوٹل کے مینو کارڈ میں یہ ڈش 65 ویں نمبر پر درج تھی، جس کے بعد لوگ اسے چکن 65 کہنے لگے۔
-ایک اور دعویٰ ہے کہ فوجی کینٹین میں کھانوں کو نمبروں سے پہچانا جاتا تھا اور وہاں موجود 65 نمبر کی چکن ڈش کو یہی نام مل گیا۔
-بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ڈش میں 65 قسم کے مصالحے استعمال کیے جاتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ 65 مرچیں ڈالنے کی بات بھی کرتے ہیں۔
-ایک اور دلچسپ کہانی کے مطابق یہ ڈش 65 دن کی عمر والی مرغی کے گوشت سے تیار کی جاتی تھی۔
تاہم ان کہانیوں کے حق میں کوئی مستند ثبوت موجود نہیں ہے اور انہیں زیادہ تر محض مشہور روایات اور قیاس آرائیاں سمجھا جاتا ہے۔
چکن 65 نے چینائی سے نکل کر آہستہ آہستہ آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالا سمیت جنوبی ہندوستان کے مختلف علاقوں میں مقبولیت حاصل کرلی۔ ہر علاقے میں اسے بنانے کا انداز بھی بدلتا گیا۔ کہیں اسے زیادہ تیکھا بنایا جاتا ہے تو کہیں دہی اور مختلف مصالحوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
کیرالا میں چکن 65 کو کڑی پتہ اور کرکرے پاپڑ کے ٹکڑوں کے ساتھ پیش کرنے کا انداز بھی کافی مقبول ہے۔ وقت کے ساتھ یہ ڈش صرف اسٹارٹر تک محدود نہیں رہی بلکہ چکن 65 بریانی، رولس، فرائیڈ رائس اور یہاں تک کہ پیزا میں بھی استعمال ہونے لگی ہے۔
گزشتہ کئی برسوں میں مارکیٹ میں فرائیڈ چکن اور کئی نئے اسٹارٹرس متعارف ہوئے، لیکن چکن 65 کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ چھوٹے چکن کے ٹکڑوں کو ادرک، لہسن، لال مرچ اور مختلف مصالحوں میں ملا کر تیل میں فرائی کیا جاتا ہے۔ بعد میں کڑی پتہ اور ہری مرچ کا تڑکا اس کے ذائقے کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
تقریباً چھ دہائیوں کا سفر مکمل کرنے کے باوجود چکن 65 آج بھی لوگوں کی پسندیدہ ڈشز میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہوٹل ہو یا ریسٹورنٹ، اس کا نام آتے ہی کھانے کے شوقین افراد اسے آرڈر کرنا نہیں بھولتے۔