ووٹر لسٹ سے والد کا نام حذف، شیرخوارکو برتھ سرٹیفکیٹ دینے سے انکار
مغربی بنگال کے کوچ بہار میں تین ماہ کی بچی کو مبینہ طور پر والد کا نام انتخابی فہرست سے خارج ہونے کی وجہ سے برتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا۔ شہری حقوق کی تنظیم اے پی سی آر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بنیادی قانونی حقوق پر تشویش ظاہر کی ہے۔
نئی دہلی: مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار میں تین ماہ کی ایک معصوم بچی کو مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے محض اس لیے انکار کر دیا گیا ہے کیونکہ ریاست میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) مہم کے دوران اس کے والد کا نام انتخابی فہرست سے خارج کر دیا گیا تھا۔
اس واقعے نے ووٹر لسٹ کی تصدیق اور بنیادی سرکاری خدمات تک رسائی کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلق پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اس واقعے نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے کہ ایس آئی آر مہم، جس کے نتیجے میں مغربی بنگال کی انتخابی فہرستوں سے تقریباً 91 لاکھ نام خارج کیے جا چکے ہیں، کے اثرات شہریوں کے حق رائے دہی کے تعین سے کہیں زیادہ دور رس ہو سکتے ہیں، خصوصاً کمزور طبقات اور مذہبی اقلیتوں کے لیے۔
ان خدشات میں اس وقت مزید شدت آئی جب ایسی خبریں سامنے آئیں کہ شہریوں سے سرکاری مراعات اور فلاحی اسکیموں سے استفادہ کرنے کے لیے ووٹر شناختی تفصیلات پیش کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ، جو للن سنگھ کے نام سے مشہور ہیں، نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ مالی امداد اور فلاحی ادائیگیوں تک رسائی کے لیے لازمی بائیو میٹرک تصدیق کے ساتھ الیکٹورل فوٹو آئیڈینٹیٹی کارڈ (ای پی آئی سی) نمبر درکار ہوگا۔
اپوزیشن جماعتوں نے بھی ایس آئی آر مہم کے ممکنہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اخبار’دی ہندو‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امینہ خاتون نے 9 ستمبر کو کوچ بہار کے دنہاٹا سب ڈویژنل اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا تھا۔ زچگی کے بعد خاتون اور ان کے شوہر عبدالحبیب بچی کا برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اسپتال اور مقامی پنچایت دفتر پہنچے تھے۔
اس نظرثانی مہم سے متاثر ہونے والے حبیب اپنے خاندان کے واحد فرد نہیں ہیں، بلکہ ان کی بہنوں کے نام بھی انتخابی فہرستوں سے حذف کر دیے گئے ہیں۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مبینہ طور پر منطقی تضاد کا حوالہ دیا، کیونکہ چھ دیگر افراد نے بھی حبیب کے والد کو اپنا والد ظاہر کیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ حبیب کے والدین اور ان کی اہلیہ کے نام بدستور انتخابی فہرستوں میں شامل ہیں، جبکہ وہ خود اپنے مقدمے میں اپیلٹ ٹریبونل کے فیصلے کے منتظر ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ والد سے متعلق کسی انتخابی تنازعہ کی وجہ سے ایک معصوم بچی کو اس کی قانونی شناخت سے کیوں محروم کیا جانا چاہیے۔ پیدائش کا اندراج ایک آزادانہ قانونی حق ہے اور اسے جائز طور پر اس بات سے مشروط نہیں کیا جا سکتا کہ آیا والدین میں سے کسی کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہے یا نہیں۔
اس واقعے نے ایس آئی آر مہم کے وسیع تر مضمرات کو نمایاں کر دیا ہے۔ اور یہ خدشات جنم لے رہے ہیں کہ انتخابی اہلیت کے تعین کے لیے شروع کیا گیا یہ عمل تیزی سے بنیادی خدمات اور قانونی دستاویزات بشمول برتھ سرٹیفکیٹ، راشن کارڈ، پولیس کلیئرنس اور پاسپورٹ تک رسائی کو متاثر کر سکتا ہے۔
ان خدشات کو اجاگر کرنے والے ایک اور واقعے میں کوچ بہار کی ایک رہائشی ام سلمیٰ نے جون کے مہینے میں کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جب ایک مقامی راشن ڈیلر نے مبینہ طور پر انہیں متنبہ کیا تھا کہ اگر انہوں نے انتخابی فہرست سے اپنا نام خارج کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ثبوت پیش نہ کیا تو ان کا راشن بند کیا جا سکتا ہے۔دریں اثنا، ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے ایس آئی آر مہم کے دوران والد کا نام حذف ہونے کی بنیاد پر بچی کی پیدائش کے اندراج سے مبینہ انکار کی شدید مذمت کی ہے۔