تلنگانہحیدرآبادقومی

5 کروڑ منظور، زمین بھی حاصل۔۔۔پھر اجمیرشریف کا رباط کیوں نہ بن سکا؟

حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 815ویں سالانہ عرس کے موقع پر حیدرآباد اور تلنگانہ کے مختلف علاقوں سے ہزاروں زائرین کی اجمیر روانگی متوقع ہے، لیکن اجمیر میں حیدرآباد کے زائرین کے لیے تعمیر کیا جانے والا مجوزہ رباط اب تک تعمیر نہیں ہوسکا ہے۔

حیدرآباد: حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 815ویں سالانہ عرس کے موقع پر حیدرآباد اور تلنگانہ کے مختلف علاقوں سے ہزاروں زائرین کی اجمیر روانگی متوقع ہے، لیکن اجمیر میں حیدرآباد کے زائرین کے لیے تعمیر کیا جانے والا مجوزہ رباط اب تک تعمیر نہیں ہوسکا ہے۔ اس منصوبے میں تاخیر کے باعث زائرین کو عرس کے دوران مہنگے خانگی ہوٹلوں اور دیگر رہائشی سہولتوں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔

حضرت خواجہ غریب نوازؒ کا 815واں سالانہ عرس 11 دسمبر 2026 سے شروع ہونے والا ہے۔ اس سے قبل 6 دسمبر کو روایتی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی، جبکہ عرس 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر ملک بھر سے عقیدت مند اجمیر پہنچتے ہیں، جن میں حیدرآباد اور تلنگانہ کے زائرین کی بڑی تعداد بھی شامل ہوتی ہے۔

اقلیتی قائدین اور وقف رکن سید افتخار حسینی نے بتایا کہ اجمیر میں زائرین کی سہولت کے لیے ایک معیاری رباط تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ یہ منصوبہ سابقہ بی آر ایس حکومت کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے 5 کروڑ روپے منظور کیے گئے تھے اور اجمیر میں تقریباً 5 ہزار مربع گز اراضی بھی حاصل کی گئی تھی۔ منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا، تاہم تعمیراتی کام شروع نہیں ہوسکا۔

انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں رباط کے نقشے، عمارت کا منصوبہ اور تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ بھی تیار کرلی گئی تھی۔ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے جنوری 2021 میں عمارت کے نقشے منظوری کے لیے اجمیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی روانہ کیے تھے۔

بی آر ایس کے مینارٹی سیل کے جنرل سکریٹری عبدالمقیت چندا نے کہا کہ منصوبے سے متعلق ابتدائی کارروائیاں مکمل ہونے کے باوجود دسمبر 2023 میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور نہ ہی تعمیراتی کام شروع کیا گیا۔

کانگریس حکومت کے اقتدار میں تین سال مکمل ہونے کے باوجود مجوزہ رباط کا مستقبل غیر یقینی بنا ہوا ہے۔ اس معاملے پر کانگریس قائدین کی جانب سے بھی کوئی واضح یقین دہانی سامنے نہیں آئی ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے چیرمین سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کامیاب نہیں ہوسکی جبکہ ان کے دفتر نے بھی منصوبے کی موجودہ صورتحال سے لاعلمی ظاہر کی۔

منصوبے میں مسلسل تاخیر سے زائرین میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ نامپلی کے رہنے والے محمد جمیل نے بتایا کہ عرس کے دوران اجمیر میں ہوٹلوں کے کرایوں میں کافی اضافہ ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے عام زائرین کے لیے قیام کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مرد زائرین درگاہ کے احاطے میں رات گزارتے ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں کے ساتھ آنے والے خاندانوں کو درگاہ سے دور کم کرایہ والے ہوٹلوں میں بنیادی سہولتوں کے ساتھ قیام کرنا پڑتا ہے۔ اگر حیدرآباد کے زائرین کے لیے مخصوص رباط تعمیر ہوجائے تو انہیں بڑی راحت مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے بھی عرس کے موقع پر حیدرآباد کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں سے اجمیر کے لئے خصوصی ٹرینیں چلائی جاتی ہیں، جس کے ذریعے بڑی تعداد میں زائرین اجمیر پہنچتے ہیں۔