حیدرآباد میں شادی کی بارات کے دوران تلواروں کا رقص، ویڈیو وائرل ہونے پر 4 افراد گرفتار
حیدرآباد میں شادی کی بارات کے دوران تلواروں کے ساتھ رقص کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بارات میں استعمال ہونے والی چار تلواروں میں دو اسٹیل اور دو پلاسٹک کی تھیں۔ پولیس نے آرمس ایکٹ کے تحت چار افراد کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔

حیدرآباد: شہر میں شادی کی بارات کے دوران تلواروں کے ساتھ رقص کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
یہ واقعہ 22 نومبر کو حیدرآباد کے علاقہ ریتی باؤلی میں بابو جگجیون رام بھون کمیونٹی ہال کے قریب پیش آیا۔ یہ علاقہ گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے۔
گڈی ملکاپور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سی رامیا کے مطابق گرفتار شدگان کی شناخت کے شرون کمار (31)، کے سنجے کمار (29)، سندیپ کمار (28) اور دلیپ کمار (26) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ چاروں ملزمین اپنی بہن کی شادی کی بارات کے دوران تلواروں کے ساتھ رقص کررہے تھے۔
پولیس کی تحقیقات میں پتہ چلا کہ بارات میں استعمال کی گئی چار تلواروں میں سے دو اسٹیل کی تھیں، جبکہ دیگر دو پلاسٹک کی بنی ہوئی تھیں۔
ایس ایچ او کے مطابق چاروں افراد کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور بعد ازاں انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔