چیف منسٹر ہیمنت سورین کو ای ڈی کی ٹیم نے کیا گرفتار
جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا۔اس سے پہلے دوپہر 1.18 بجے ای ڈی کی ٹیم کانکے روڈ پر واقع سی ایم کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔
رانچی: جھارکھنڈ کے چیف منسٹر ہیمنت سورین کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا۔اس سے پہلے دوپہر 1.18 بجے ای ڈی کی ٹیم کانکے روڈ پر واقع سی ایم کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔
ہیمنت سورین کو رانچی کے بڑگائی، میں دستاویزات میں ہیرا پھیری کرکے زمین کی خرید و فروخت کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ای ڈی کے عہدیدار سی آر پی ایف اور سی آئی ایس ایف کے ساتھ دس گاڑیوں میں سی ایم کی رہائش گاہ پہنچے تھے، حالانکہ ای ڈی کے عہدیداروں کی تین گاڑیاں اندر چلی گئی تھیں۔ باقی گاڑیوں میں سی آر پی ایف اور سی آئی ایس ایف کے عہدیدار تھے، جنہیں باہر روک دیا گیا تھا۔
پچھلی بار کی طرح اس بار بھی ای ڈی کی ٹیم اعلیٰ ٹیکنالوجی کے آلات سے لیس سی ایم ہاؤس پہنچی ہے۔ ای ڈی ٹیم سے آئے لوگ ویڈیو بھی ریکارڈ کر رہے تھے۔ وزیراعلی کی رہائش گاہ پہنچنے کے بعد ای ڈی حکام نے وزیراعلیٰ سے پوچھ گچھ شروع کردی۔
اس سے پہلے 20 جنوری کو سی ایم سے ای ڈی نے ان کی رہائش گاہ پر سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ اس کے بعد ای ڈی نے 22 جنوری کو دوبارہ خط لکھ کر وزیر اعلیٰ سے 27 سے 31 جنوری تک اپنا بیان ریکارڈ کرنے کو کہا۔
اس کے بعد 25 جنوری کو وزیر اعلیٰ نے ای ڈی کو پوچھ گچھ کے لیے وقت دینے سے بالواسطہ انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد 29 جنوری کو سی ایم نے ای ڈی کو ایک خط لکھا، جس میں ای ڈی پر سیاسی سے متاثر ہوکر منتخب حکومت کو کام کرنے سے روکنے کا الزام لگایا تھا۔
ہیمنت سورین نے 20 جنوری کو ای ڈی کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کو حقائق سے پرے اور غلط قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ، بجٹ اجلاس میں مصروف ہونے کے باوجود، انہوں نے ای ڈی کو ایک ای میل بھیجا تھا جس میں 31 جنوری کو ان کی رہائش گاہ پر اپنا بیان ریکارڈ کرنے سے اتفاق کیا گیا تھا۔
اپنے اعتراضات کے ساتھ ہی وزیراعلی نے 31 جنوری کو دوپہر ایک بجے ای ڈی کو اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے اپنی رہائش گاہ پر بلایا تھا۔ پوچھ گچھ کے سلسلے میں وزیراعلی کی رہائش گاہ سمیت رانچی شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف، ہائی کورٹ میں ای ڈی کے خلاف سابق وزیراعلی ہیمنت سورین کی طرف سے دائر کریمنل رٹ کی سماعت جمعرات کو صبح 10:30 بجے ہوگی۔ یہ سماعت ہائی کورٹ کے کارگذار چیف جسٹس ایس چندر شیکھر کی سربراہی والی ڈویژن بنچ میں درج فہرست ہے۔