ہیمنت سورین کی درخواست ضمانت‘ ای ڈی سے جواب طلب
جاریہ لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے کے لیے انسداد کالا دھن کیس میں عبوری ضمانت طلب کرنے سابق جھارکھنڈچیف منسٹر ہیمنت سورین کی درخواست پر سپریم کورٹ نے آج20 مئی تک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے جواب طلب کیا۔

نئی دہلی: جاریہ لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے کے لیے انسداد کالا دھن کیس میں عبوری ضمانت طلب کرنے سابق جھارکھنڈچیف منسٹر ہیمنت سورین کی درخواست پر سپریم کورٹ نے آج20 مئی تک انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے جواب طلب کیا۔
جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ پر مشتمل سپریم کورٹ نے وفاقی ایجنسی سے یہ بھی کہاکہ گرفتاری پر سورین کی درخواست پر بھی ایک مختصر جواب بھی داخل کرے اور گرمائی چھٹیوں کی بنچ پر آئندہ تاریخ سماعت 21 مئی مقرر کی۔
سورین کی عدالت عظمی میں پیروی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہاکہ عبوری ضمانت ملنے کے بعد جھار کھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) لیڈر 2 جون کو خود سپرد ہوں گے۔ سبل نے کہاکہ کیس میں ان کے خلاف کوئی مواد نہیں ہے۔
اگر عبوری ضمانت جلدمنظور نہیں کی گئی تو انتخابات ختم ہوجائیں گے۔ سورین نے کپل سبل اور سینئر ایڈوکیٹ ارنبھ چودھری بھی پیش ہورہے ہیں نے کہاکہ کیس میں شامل کردہ اراضی جے ایم ایم لیڈر کے زیر قبضہ نہیں ہے اور اس سے ان کا کوئی لینا دینانہیں ہے۔
ای ڈی کی پیروی کرنے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے کہاکہ سورین کو طویل عرصہ قبل گرفتار کیاگیا اور حتی کہ انہوں نے اپنی درخواست ضمانت مسترد ہونے کو چالنج بھی نہیں کیا ہے۔
انسداد کالا دھن کیس میں سورین کو 31جنوری کو چیف منسٹر جھارکھنڈ عہدہ سے مستعفی ہونے کے بعد گرفتار کیاگیاتھا۔