چیف منسٹر تریپورہ نے 10 سالہ لڑکے کی سرجری کی
ڈاکٹر گوسوامی نے کہاکہ ڈاکٹر ساہا کی سربراہی میں سات رکنی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت میں سرجری مکمل کی۔ سرجری کی منصوبہ بندی چیف منسٹر نے اس طرح کی تھی کہ موجودہ دانت اور ان کی آئندہ نشوونما متاثر نہ ہو۔

اگرتلہ: تریپورہ کے چیف منسٹر ڈاکٹر مانک ساہا نے چہارشنبہ کے روز تریپورہ میڈیکل کالج (ٹی ایم سی) میں ایک 10 سالہ لڑکے کی میکسیلو فیشل سرجری کی، جو منہ کے اوپری حصے میں سسٹک گروتھ سے متاثر ہے، جس کی وجہ سے اس کے سینوس کی ہڈیاں متاثر ہوئی ہیں۔
دنت سازی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امت لال گوسوامی کے مطابق چیف منسٹر سے اس موضوع کے ماہر کے طور پر مشورہ کیا گیا تھا جو ٹی ایم سی میں اس شعبہ کے پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے سسٹک لیزن مرسوپیلائزیشن اور علاج کے عمل کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
ڈاکٹر گوسوامی نے کہا، “ڈاکٹر ساہا کی سربراہی میں سات رکنی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت میں سرجری مکمل کی۔ سرجری کی منصوبہ بندی وزیر اعلیٰ نے اس طرح کی تھی کہ موجودہ دانت اور ان کی آئندہ نشوونما متاثر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ مریض بے چینی محسوس کر رہا تھا کیونکہ اس کے منہ میں سسٹ تھا جس کی وجہ سے اسے کھانے میں پریشانی ہو رہی تھی، وزیراعلیٰ نے انتہائی مصروف شیڈول کے باوجود سرجری کی۔
تاہم چیف منسٹر ڈاکٹر ساہا نے کہا، "ایک بہادر بچے کی سرجری کرنے کے لیے اپنے میڈیکل کالج میں طویل وقفہ لینے کے بعد مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ میں نے کبھی اپنے پیشے سے خود کو کبھی دور محسوس نہیں کیا اور اپنے سابق ساتھیوں کے ساتھ اور لگن سے لطف اندوز ہوا۔