تلنگانہ

قافلہ کی نقل وحرکت کے دوران ٹرافک نہ روکنے چیف منسٹر کی ہدایت

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے پولیس کوہدایت جاری کی کہ ان کے قافلہ کے گزرتے وقت عام عوام کو پریشانیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے پولیس کوہدایت جاری کی کہ ان کے قافلہ کے گزرتے وقت عام عوام کو پریشانیوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔

انہوں نے پولیس عہدیدارو ں کواپنے قافلہ کے متعلق مختلف مشورے دیتے ہوئے کہاکہ ان کی قیام گاہ سے روانگی سے ہی ٹرافک تحدیدات کے نام پر عوام کوروک دیا جارہا ہے جبکہ ایسا کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔پولیس کے ان اقدامات کی وجہ سے شہریان کوپریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔

عوام کو راحت پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیف منسٹرکے قافلہ میں موجود 15 کاروں کوکم کرتے ہوئے اسے 9کردینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وہ جس راستہ سے بھی گزریں ٹرافک جام یا ٹرافک مسئلہ کوابھرنے نہ دینے کیلئے مناسب اقدامات کرناچاہئے۔

چیف منسٹرنے کہاکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے انہیں بڑے پیمانے پر دورہ کرناپڑتا ہے۔اس دوران ان کے سفر کے راستہ پر عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کونظرانداز کرتے ہوئے گھر تک محدود رہناان کے بس کی بات نہیں ہے۔چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق پولیس کوٹرافک قواعد میں نرمی لانے کے متعلق غوروخوص کرناچاہئے۔

چیف منسٹر کے قافلہ کی روانگی سے چند لمحات قبل تک بھی ٹرافک کی آمدورفت کومعمول کے مطابق جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔

a3w
a3w