تلنگانہ سے گاندھی خاندان کے رشتہ کا دعویٰ دھوکہ:کویتا
کویتانے کہاکہ راہول گاندھی آج جگتیال آئے اور بڑی بڑی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہاکہ تھا کہ تلنگانہ سے ان کا رشتہ ان کی دادی اوروالدکے زمانہ سے ہے۔وہ ان کے اس تبصرہ سے مکمل طورپر اتفاق کرتی ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ساتھ خاندانی تعلق کے بارے میں کانگریس کے سینئرقائد راہول گاندھی کے دعویٰپر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے بی آرایس ایم ایل سی کویتا نے جمعہ کے روزکہاکہ گاندھی خاندان کا تلنگانہ کے ساتھ جو رشتہ ہے وہ دھوکہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔
نظام آباد میں آج بی آرایس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کویتانے کہاکہ راہول گاندھی آج جگتیال آئے اور بڑی بڑی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہاکہ تھا کہ تلنگانہ سے ان کا رشتہ ان کی دادی اوروالدکے زمانہ سے ہے۔وہ ان کے اس تبصرہ سے مکمل طورپر اتفاق کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ وہ جواہر لال نہرو ہی تھے جنہوں نے علاقہ کے عوام کی مرضی کے خلاف تلنگانہ کوزبردستی آندھرامیں ضم کردیاتھا۔ اس طرح نہروجی نے تلنگانہ عوام کے جذبات اوران کی امنگوں کوکچل دیا۔1969 میں جب ہم نے علحدہ تلنگانہ کیلئے تحریک چلائی تب وزیر اعظم اندراگاندھی نے ہی تلنگانہ کے 369 طلبہ کوگولی مارکر ہلاک کرایا۔
بعدمیں راجیوگاندھی نے تلنگانہ کے عزت نفس کوٹھیس پہونچائی۔ سونیا گاندھی نے 2009 میں تلنگانہ کا وعدہ کیا پھروہ اس وعدہ سے مکر گئیں جس کے بعد تلنگانہ کے کئی طلبہ و نوجوانو ں نے تلنگانہ کیلئے اپنی جانیں قربان کردی۔
ان کے ہاتھ تلنگانہ کے نوجوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔کویتا نے راہول گاندھی کوشدیدتنقیدکانشانہ بنایا اور الزام عائدکیا کہ راہول جی نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران تلنگانہ کی حمایت میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے کہاکہ راجیوگاندھی نے ہمارے چیف منسٹر کی توہین کی جواوبی سی طبقہ سے تعلق رکھتے تھے۔