کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی کانگریس چھوڑ سکتے ہیں: افواہوں کا بازار گرم
کومٹ ریڈی برادرس کا اُن افراد میں شمار ہوتا ہے جو ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں، یکساں نظریات کے حامل ہیں اور کبھی بھی اپنی طرف سے دوسرے کو نقصان ہونے نہیں دیتے۔
حیدرآباد: کومٹ ریڈی برادرس کا اُن افراد میں شمار ہوتا ہے جو ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں، یکساں نظریات کے حامل ہیں اور کبھی بھی اپنی طرف سے دوسرے کو نقصان ہونے نہیں دیتے۔
اب سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیوں کا بازار گرم ہے کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھی بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ کانگریس قائدین کابھی احساس ہے کہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کبھی بھی کانگریس سے علیحدگی اختیار کرسکتے ہیں۔
کانگریس قائدین کا ماننا ہے کہ کوئی بھی قائد امیت شاہ سے سوائے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے، دوسرے موضوع پر بات کرنے کے لئے ملاقات نہیں کرتا۔
گزشتہ اگست میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نئی دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی تھی۔
کے وینکٹ ریڈی کی جانب سے بار بار تردید کی جاتی رہی کہ وہ کانگریس چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے، کانگریس میں ہی برقرار رہیں گے۔ اس کے باوجود ان کی بات پر کسی کو یقین نہیں ہورہا۔ انہوں نے بارہا کہا ہے کہ چند کانگریس قائدین، انہیں کانگریس سے علیحدہ ہونے کے لئے مجبور کررہے ہیں۔ ان کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف گذشتہ دنوں ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے پیش قیاسی کی تھی کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تلنگانہ میں داخل ہونے سے قبل دو اراکین پارلیمنٹ کانگریس سے علیحدگی اختیار کرلیں گے۔ غالباً ان کا اشارہ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی طرف تھا۔
وینکٹ ریڈی منگوڈ میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم سے بھی دور ہیں۔ اگرچہ کہ ان کی دوری کی وجہ صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی سے تلخ تعلقات بتائے جارہے ہیں مگر کانگریس قائدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے خلاف مہم میں حصہ لینے تیار نہیں ہیں۔ اس لئے قیاس لگایا جارہا ہے کہ وہ بھی اپنے بھائی کی طرح پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلیں گے۔