سیلف ہیلپ گروپ کے ایک کروڑ ارکان کو کروڑ پتی بنانے کا عزم
ریاستی گورنر جیشنودیو ورما کے ساتھ سیلف ہیلپ گروپ کے اندرا مہیلا شکتی بازار کا افتتاح کرنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی حکومت سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل درآمد کررہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت، سیلف ہیلپ گروپ کے ارکان کو مختلف کاروباری سرگرمیوں میں شراکت دار بناتے ہوئے گروپ کے ایک کروڑ ارکان کو ”کروڑ پتی“ بنانے کے مقصد کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
شہر میں جمعرات کی رات ریاستی گورنر جیشنودیو ورما کے ساتھ سیلف ہیلپ گروپ کے اندرا مہیلا شکتی بازار کا افتتاح کرنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی حکومت سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کیلئے مختلف اسکیمات پر عمل درآمد کررہی ہے۔
ان میں بسوں میں خواتین کو سفر کی مفت سہولت، 500 روپے میں گیس سلنڈر کی فراہمی، غریبوں کو200 یونٹ تک برقی کی مفت سربراہی، طلبہ کو یونیفارمس کی فراہمی اور اندرا مہیلا شکتی کینٹین شامل ہیں۔ مزید براں حکومت، سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو سولار پلانٹس مختص کررہی ہے۔
گروپ کے موجودہ ارکان کی تعداد 65 لاکھ ہے جن کی تعداد میں ایک کروڑ تک اضافہ کیا جائے گا۔ ارکان کی تعداد کو ایک کروڑ بنانا ہماری ذمہ داری ہے، جبکہ ان ایک کروڑ ارکان کو کروڑ پتی بنانا میری ذمہ داری ہے۔