حسین ساگر پر ہندوستانی فضائیہ کی سوریا کرن ٹیم کا ایرشو
سوریا کرن ٹیم‘ ہاک ایم کے 132 کے 9 طیاروں پر مشتمل ہے جو محض 5 میٹر کے فاصلہ پر پرواز کریں گے۔ اس ٹیم میں 12 پائلٹس ہیں جس کی قیادت ایس یو۔ 30 ایم کے آئی کے پائلٹ گروپ کیپٹن اجئے داسارتھی کریں گے جبکہ گروپ کیپٹن سریدش کارتک ان کے معاون رہیں گے۔

حیدرآباد: انڈین ایرفورس (آئی اے ایف‘ ہندوستانی فضائیہ) کے ایرشو کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ ایرفورس کی سوریا کرن ایرو بیٹک ٹیم‘ اتوار کے روز شہر میں دم بخود کردینے والے ایرشو کا مظاہرہ کرے گی۔ یہ ٹیم‘ حیدرآباد شہر کے قلب میں واقع تاریخی حسین ساگر پر اتوار کے روز 3 بجے سہ پہر تا 5 بجے شام تک ایرو بیٹک ڈسپلے کرے گی۔
انڈین ایرفورس کے آوٹ ریچ پروگرام کے حصہ کے طور پر یہ ایرشو منعقد کیا جائے گا۔ یہ ایرشو‘ تماشائیوں کے لئے یادگار رہے گا۔ سوریا کرن کی ٹیم اس شو میں دم بخود کردینے والے مظاہرہ کرے گی جس میں لوپس‘ رولز‘ کراسس اور الٹی پرواز کے کرتب شامل ہیں۔
سوریا کرن ٹیم‘ ہاک ایم کے 132 کے 9 طیاروں پر مشتمل ہے جو محض 5 میٹر کے فاصلہ پر پرواز کریں گے۔ اس ٹیم میں 12 پائلٹس ہیں جس کی قیادت ایس یو۔ 30 ایم کے آئی کے پائلٹ گروپ کیپٹن اجئے داسارتھی کریں گے جبکہ گروپ کیپٹن سریدش کارتک ان کے معاون رہیں گے۔
پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔ انڈین ایرفورس کی سوریا کرن ایرو بیٹک ٹیم کا 1996 میں قیام عمل میں لایا گیا۔ نو طیاروں پر مشتمل یہ ایرو بیٹک ٹیم ایشیاء کی واحد ٹیم ہے اور اسے چند ممالک کی ایلائٹ ٹیموں میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس ٹیم نے تاحال ملک میں 700 سے زائد فضائی کرتب بازی کا مظاہرہ (نمائش) کرچکی ہے۔