کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے) کے رہنما راجا بہوگنا انتقال کر گئے
وہ اتراکھنڈ میں سی پی آئی مالے کے بانیوں میں سے ایک تھے اور پارٹی کے ریاستی سکریٹری رہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں سے کامریڈ راجا بہوگنا نے کئی عوامی جدوجہد کی قیادت کی اور ایک نئے سماج کی تشکیل کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے) کی مرکزی نظم و ضبط کمیٹی کے چیئرمین کامریڈ راجا بہوگنا کا آج انتقال ہو گیا۔ وہ 68 برس کے تھے۔
مسٹر بہوگنا کافی عرصے سے لیور کینسر میں مبتلا تھے۔ انہوں نے آج صبح دہلی کے بی ایل کپور میکس اسپتال میں آخری سانس لی۔
وہ اتراکھنڈ میں سی پی آئی مالے کے بانیوں میں سے ایک تھے اور پارٹی کے ریاستی سکریٹری رہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں سے کامریڈ راجا بہوگنا نے کئی عوامی جدوجہد کی قیادت کی اور ایک نئے سماج کی تشکیل کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
ان کی قیادت میں جاری تحریکوں نے اتراکھنڈ میں پارٹی کے لیے کئی کارکن تیار کیے جو آج مختلف سطحوں پر پارٹی میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔
مسٹر بہوگنا کی پیدائش پوڑی گڑھوال کے گوگاڑی گاؤں میں ہوئی تھی لیکن ان کی تعلیم و تربیت اور عملی میدان نینی تال رہا۔ ان کے والد نینی تال میں سرکاری ملازمت میں تھے۔ نوجوانی میں ہی وہ اتراکھنڈ کی مختلف عوامی تحریکوں سے جڑ گئے۔ وہ انڈین پیپلز فرنٹ کے قومی نائب صدر بنے اور پھر سی پی آئی مالے میں سرگرم ہوئے۔