تلنگانہسوشیل میڈیا

بھارت جوڑو یاترا پر یومیہ 2 کروڑ روپے کا خرچ!

تلنگانہ کانگریس قائدین کے مطابق کانگریس ہائی کمان اور تلنگانہ کانگریس کی جانب سے بھارت جوڑو یاترا پر یومیہ دوتا تین کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

حیدرآباد: راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پر یومیہ دو کروڑ روپے خرچ کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

تلنگانہ کانگریس قائدین کے مطابق کانگریس ہائی کمان اور تلنگانہ کانگریس کی جانب سے بھارت جوڑو یاترا پر یومیہ دوتا تین کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق یاترا کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے تلنگانہ کانگریس کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر ہائی کمانڈ کی جانب سے اظہار اطمینان کیا گیا ہے۔ خود راہول گاندھی اور جئے رام رمیش نے بھی انتظامات کے معیار پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ٹی پی سی سی قائدین کا کہنا ہے کہ یاترا کی تلنگانہ میں کامیابی سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور نیا جوش وولولہ پیدا ہوگا۔ سینئر پارٹی قائدین کا ماننا ہے کہ تلنگانہ میں بھارت جوڑویاترا کی کامیابی سے بی جے پی کے بڑھتے قدموں کو روکا جاسکے گا اور ٹی آر ایس کا سامنا کرنے کیلئے کارکنوں کو جوش و حوصلہ حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت جوڑو یاترا کا ٹاملناڈو کے کنیا کماری سے آغاز ہوا تھا اور کشمیر میں سری نگر میں اختتام پذیر ہوگی۔

150دنوں کے دوران بھارت جوڑو یاترا 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام2 علاقوں سے گذرتے ہوئے3570 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرے گی۔ منتظمین کی جانب سے روزانہ دوکیمپس منظم کئے جارہے ہیں۔ پہلا کیمپ ظہرانہ کیلئے اور دوسرا کیمپ عشائیہ کیلئے ہے۔ راہول گاندھی یاترا کے تحت روزانہ 26 کیلو میٹر پیدل چل رہے ہیں۔

بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں 23 اکتوبر کو داخل ہوئی تھی اور7 نومبر تک راہول گاندھی تلنگانہ میں پیدل یاترا کریں گے۔ روزانہ ہزاروں افراد اس یاترا سے جڑ رہے ہیں۔

جہاں کانگریس قائدین یاترا کے متعلق پرجوش ہیں وہیں اپوزیشن قائدین کا ماننا ہے کہ جنوبی ہند میں جہاں علاقائی جماعتوں کی حکومتیں ہیں اس یاترا سے کانگریس کو کوئی خاص فائدہ ہونے کی امید نہیں ہے۔