مہاراشٹر میں 10 سال بعد کانگریس کی زبردست واپسی، مسلم ووٹرس نے نبھایا اہم کردار
مہاراشٹر کی 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے ممبئی کی چھ نشستوں میں ، ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کو 4، کانگریس اور بی جے پی کوایک ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔

ممبئی:مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے آج نتائج کے اعلان کے بعد ادھو بالاصاحب ٹھاکرے، شرد پوار اور کانگریس پارٹی اور ان کے ووٹرس میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مہاراشٹر میں 10 سال بعد کانگریس کی زبردست واپسی ہوئی ہے اور اس میں مسلم ووٹرس نے اہم کردار۔نبھایا ہے۔
مہاراشٹر کی 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے ممبئی کی چھ نشستوں میں ، ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کو 4، کانگریس اور بی جے پی کوایک ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔
ممبئی شمالی وسطی سے کانگریس کی گایکواڑ ورشا ایکناتھ نے کامیابی حاصل کی، اسی طرح ممبئی نارتھ ویسٹ سے امول گجانن کیرتیکر ، ممبئی جنوبی وسطی سے انیل یشونت دیسائی ،ممبئی جنوبی سے اروند گنپت ساونت ، ممبئی نارتھ ایسٹ سے سنجے دینا پاٹل نے کامیابی حاصل کی۔ ان چاروں نے ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی شیو سینا سے انتخاب لڑا۔
ممبئی کی 6 نشستوں میں بی جے پی کو صرف ایک نشست پر کامیابی ملی ہے ، ممبئی شمالی سے بی جے پی کے پیوش گوئل اپنی سیٹ بچاپانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ان نتائج کے اعلان کے بعد جہاں مہاراشٹر میں ادھو بالاصاحب نے اپنی برتری اور بہتریں سیاسی مہارت اور مظاہرہ کرتے ہوئے مہارشٹر میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا ہے، وہیں دوسری طرف کانگریس نے بھی مہاراشٹر میں 10 سالوں بعد زبردست طریقے سے واپسی کی ہے۔
ممبئی کی ان 5 نشستوں پر مہا وکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی کامیابی بڑی حد تک مسلم ووٹرس کی سمجھداری اور سوج بوجھ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ایک مسلم بزرگ نے کہا کہ اس بار مسلمانوں نے سنجیدگی کے ساتھ سیاسی شعور اور مختلف قسم کے بہکاوے میں آئے بغیر خاموشی سے اپنے ووٹوں کا استعمال کیا۔اور جس کا مثبت نٹیجہ سامنے آیا ہے۔
بتادیں کم ممبئی کے مسلم اکثریت والے علاقوں میں اس بار بڑے پیمانے پر ووٹنگ کی گئی تھی، اور مسلمانوں نے کھل کر مہاوکاس اگھاڑی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا۔
مہاراشٹر کی 48 لوک سبھا سیٹوں کے لیے مقابلہ 19 اپریل 2024 کو شروع ہوا تھا، ووٹنگ کے پانچ مرحلوں میں آگے بڑھی۔ آخری مرحلہ 20 مئی 2024 کو ختم ہوا۔ ابتدائی چار مراحل 19 اپریل، 26 اپریل، 7 مئی 13 اور 20 مئی کو ہوئے۔ مہاراشٹر میں اتر پردیش کی 80 کے بعد لوک سبھا کی دوسری سب سے زیادہ 48 نشستیں ہیں۔