تلنگانہ

چیوڑلہ میں کانگریس کا جلسہ، کھرگے کی شرکت

کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں 18 اگست کو شہر حیدرآباد کے قریب چیوڑلہ کے مقام پر ایک بڑا جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے اسمبلی الیکشن کی تیاریوں میں شدت پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں 18 اگست کو شہر حیدرآباد کے قریب چیوڑلہ کے مقام پر ایک بڑا جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے اسمبلی الیکشن کی تیاریوں میں شدت پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

کل ہند کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے جہاں 18 اگست کو چیوڑلہ میں منعقد شدنی جلسہ عام سے خطاب کریں گے وہیں پارٹی ایس سی، ایس ٹی ڈیکلریشن جاری کرے گی۔

صدرپردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ برسراقتدار آنے کی صورت میں کانگریس پارٹی، ایس سی اور ایس ٹی کے ریزرویشن کوٹہ میں اضافہ کرے گی۔

چیوڑلہ میں جاری کئے جانے والا ایس سی، ایس ٹی ڈیکلریشن پارٹی کا تیسرا ڈیکلریشن ہوگا۔ قبل ازیں گزشتہ سال راہول گاندھی نے ورنگل کے جلسہ عام میں کسان ڈیکلریشن جاری کیا تھا جبکہ ان کی بہن پرینکا گاندھی نے 8 مئی کو حیدرآباد میں منعقدہ جلسہ عام میں یوتھ ڈیکلریشن جاری کیا تھا۔

18 اگست کے جلسہ عام میں سابق وزیر وبی جے پی سے مستعفی قائد اے چندرشیکھر بھی کانگریس میں باضابطہ شامل ہوجائیں گے۔