شمال مشرق

اشتعال انگیز تقریر کاالزام، آسام میں کانگریس رکن اسمبلی آفتاب الدین مُلّا گرفتار

آسام کے کانگریس رکن اسمبلی آفتاب الدین مُلّا کو ایک جلسہ عام میں ایک برادری کو نشانہ بنانے پر آج نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

گوہاٹی: آسام کے کانگریس رکن اسمبلی آفتاب الدین مُلّا کو ایک جلسہ عام میں ایک برادری کو نشانہ بنانے پر آج نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

اپوزیشن کے رکن اسمبلی کو منگل کی رات یہاں ایم ایل اے کوارٹرس میں ایک اور کانگریس رکن اسمبلی کی قیام گاہ سے پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا تھا۔ گوہاٹی کے پولیس کمشنر ڈیگانتا بارہ نے یہ بات بتائی۔

مُلا نے گزشتہ ہفتہ ایک جلسہ عام میں چند قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے جس میں انہوں نے مبینہ طورپر کہا تھا کہ ایک برادری کا ایک گروپ مخصوص قسم کے جرائم کا مرتکب ہوتا ہے۔ اس میٹنگ کا ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا اور اس پر زبردست برہمی پیدا ہوگئی تھی۔ کئی مقامات پر پولیس میں شکایات درج کرائی گئی تھیں۔

ڈیگانتا بارہ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمیں یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ متعلقہ شخص نے 6 نومبر کو ایک جلسہ عام میں چند بھڑکاؤ اور اشتعال انگیز بیانات دیئے ہیں۔ شکایت میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے 2 برادیوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں کشیدگی پیدا ہوئی۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد ڈسپور پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا اور مُلا کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا گیا۔ میں یہاں یہ بھی بتانا چاہوں گا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نفرت انگیز تقریر کی شکایت موصول ہونے پر پولیس کو فوری کارروائی کرنی پڑتی ہے۔

اگر پولیس کو کوئی شکایت موصول نہ بھی ہو تو اسے ازخود کارروائی کرنی پڑتی ہے۔ ڈسپور پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ جالیشور حلقہ کے رکن اسمبلی مُلا کو چہارشنبہ کی صبح تعزیرات ِ ہند کی مختلف دفعات کے تحت گرفتار کرلیا گیا اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ ہم نے پولیس تحویل میں دینے کی گزارش کی ہے اور مقدمہ کی سماعت جاری ہے۔