تلنگانہ

کانگریس رکن اسمبلی کے شوہر کا سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر، تنازعہ پیدا

تلنگانہ میں کانگریس کی رکن اسمبلی متا راگامائی کے شوہر متا دیانند کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کرنے پر تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ حیدرآباد سے کھمم ضلع کے ستوپلی کے قریب بیتوپلی تالاب پہنچے، جہاں انہوں نے لاپتہ ماہی گیروں کو بچانے والے این ڈی آر ایف اہلکاروں کی ستائش کی۔

کھمم: تلنگانہ میں کانگریس کی رکن اسمبلی متا راگامائی کے شوہر متا دیانند کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کرنے پر تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ حیدرآباد سے کھمم ضلع کے ستوپلی کے قریب بیتوپلی تالاب پہنچے، جہاں انہوں نے لاپتہ ماہی گیروں کو بچانے والے این ڈی آر ایف اہلکاروں کی ستائش کی۔

اس سفر کے بعد سوشل میڈیا پر سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو لے کر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ متا دیانند نہ وزیر ہیں، نہ رکن اسمبلی، نہ سرپنچ اور نہ ہی وارڈ ممبر، اس کے باوجود انہوں نے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کیا۔

تنازعہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب ایک کانگریس لیڈر نے ہیلی کاپٹر سے پہنچنے والے دیانند کو ‘ہیلی کاپٹر میں آنے والا ٹائیگر’ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ریلز شیئر کیں۔

ناقدین نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے بعض قائدین سرکاری ہیلی کاپٹروں کو شیئر آٹو کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ ایک طرف حکومت خزانے میں پیسوں کی کمی کا حوالہ دے رہی ہے، تو دوسری طرف کسی سرکاری عہدے پر فائز نہ ہونے والے افراد بھی سرکاری ہیلی کاپٹروں میں سفر کر رہے ہیں۔

اس واقعے نے سرکاری وسائل کے استعمال اور سیاسی قائدین کے اہل خانہ کو حاصل مبینہ مراعات پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تاہم، متا دیانند کے ہیلی کاپٹر سفر کی اجازت اور اس کے اخراجات سے متعلق تاحال کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔