تلنگانہ میں بھی کانگریس برسراقتدار آئے گی:ڈی کے شیو کمار
ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے بہت سے رشتہ دار کرناٹک میں ہیں۔ آپ ان سے کرناٹک میں ہورہی ترقی اور روبہ عمل ترقیاتی اقدامات کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
حیدرآباد: ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیو کمار نے کہاک ہ انہیں مکمل یقین ہے کہ تلنگانہ میں بھی کانگریس کی ہی حکومت بنے گی۔ آج میدک اور سنگاریڈی میں کانگریس کی بس یاترا کے تحت منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک کے عوام سے پانچ گیارنٹیز پر عمل کرنے کا وعدہ کیا تھا اور ان گیارنٹیز پر کامیابی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کو چالینج کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرناٹک حکومت کی کارکردگی کا مشاہدہ کرنے ریاست کا دورہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی آر اور کے ٹی آر کے دورے کرناٹک کیلئے بس کا انتظام کرنے تیار ہیں۔
آپ اپنے کابینی رفقاء کے ساتھ تشریف لائیں اور دیکھیں کہ کس طرح ہم نے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے بہت سے رشتہ دار کرناٹک میں ہیں۔ آپ ان سے کرناٹک میں ہورہی ترقی اور روبہ عمل ترقیاتی اقدامات کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر جب بھی چاہیں کرناٹک آسکتے ہیں میں وعدہ کرتا ہوں کہ اُن کے ساتھ رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں برقی پیداوار کو10,000میگاواٹ سے بڑھا کر 23,000 میگاواٹ کردی گئی۔ جبکہ گذشتہ چار برسوں کے دوارن بی جے پی حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی تھی۔
آج ہم کرناٹک میں زرعی مقاصد کے لئے پانچ گھنٹہ برقی فراہم کررہے ہیں اور ہم مستقبل میں 7گھنٹہ برقی سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ڈی کے شیو کمار نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ راستہ بھٹک گئے تو ثمرات سے محروم ہوجائیں گے۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے سے تمام طبقات کی ترقی ممکن ہوسکے گی۔
انہوں نے ریاست کے عوام کو تلنگانہ میں کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے سونیا گاندھی کو ہدیہ تشکر دینے کی اپیل کی اور کہا کہ سونیا گاندھی کی وجہ سے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب پورا ہوا ہے۔