بی آرایس لیڈروں کے بیانات سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی:صدرتلنگانہ کانگریس مہیش کمارگوڑ
شمس آباد نووٹل ہوٹل میں جاری سی ایل پی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے مہیش کمار گوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی آرایس لیڈرکے پربھاکرریڈی کے بیان پر شدید ردعمل کااظہار کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے سربراہ و رکن کونسل مہیش کمارگوڑ نے کہا ہے کہ بی آر ایس لیڈروں کے چھوٹے بڑے بیانات سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کو عوامی حمایت حاصل ہے۔
شہرحیدرآباد کی شمس آباد نووٹل ہوٹل میں جاری سی ایل پی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے مہیش کمار گوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی آرایس لیڈرکے پربھاکرریڈی کے بیان پر شدید ردعمل کااظہار کیا۔
پربھاکرریڈی نے بی آرایس کے یوم تاسیس کے سلسلہ میں پارٹی لیڈروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس پارٹی کے خلاف صرف ایک سال میں شدید مخالفت پیدا ہو گئی ہے۔
بلڈرس اور صنعت کار حکومت کو گرانا چاہتے ہیں، اور اگر ضرورت پڑے تو ایم ایل ایز کو خریدنے کی بھی بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں چھوٹے بچوں سے لے کر بڑوں تک، سب کانگریس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔
مہیش کمارریڈی نے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پربھاکر ریڈی کے بیانات کے پیچھے کسی سازش کا پہلو چھپا ہو سکتا ہے، اور اس پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔