تلنگانہ

حج کے درخواست فارم کیلئے آن لائن کاؤنٹر کا افتتاح

ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اڈلوری لکشمن کمار نے آج، حج سیزن 2026 کے تحت سفر مقدس پر روانہ ہونے والے عازمین حج کیلئے درخواست فام داخل کرنے کے لئے آن لائن کاونٹر کا افتتاح کیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اڈلوری لکشمن کمار نے آج، حج سیزن 2026 کے تحت سفر مقدس پر روانہ ہونے والے عازمین حج کیلئے درخواست فام  داخل کرنے کے لئے آن لائن کاونٹر کا افتتاح کیا۔

اس افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر، صدرنشین ٹمریز محمد فہیم الدین قریشی، نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی محمد مجاہد عالم خان، ارکان حج کمیٹی محمد مجیب الدین، محمد لئیق، ڈاکٹر اظہر علی، ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی سجاد علی اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

اے لکشمن کمار نے کہا کہ وہ بحیثیت ریاستی وزیر جائزہ حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ حج کمیٹی کی تقریب میں شرکت کرچکے ہیں۔ تقریب میں مدعو کرنے پر انہوں نے حج کمیٹی کے صدرنشین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ ایپا مندر جاتے ہیں اس سے قبل وہ درگاہ میں حاضری دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گھر کے اطراف مسلمانوں کی آبادی ہے، وہ بقر عید، رمضان کی عید کے موقع پر انہیں غذائی اشیاء روانہ کرتے ہیں۔ اس طرح وہ بھی ہمارے تہواروں کے موقع پر تیار کردہ غذائی اشیاء مسلم بھائیوں کو روانہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل تابناک بنانے کیلئے ٹمریز کے تعلیمی اداروں میں داخلہ دلوائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست میں انٹیگریٹیڈ اسکولس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے ان اسکولوں کی تعمیر کیلئے200 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے تحت آنے والے تمام اداروں بشمول حج کمیٹی کے ملازمین کو ہر ماہ پابندی سے تنخواہیں جاری کرانے کا تیقن دیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور راہول گاندھی سیکولر لیڈر ہیں۔ اقلیتوں نے ہمیشہ کانگریس کی تائید کی ہے وہ آئندہ بھی اس طرح ہماری پارٹی کی تائید کرتے رہیں گے۔مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے کہا کہ سال2025 کے عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر وہ صدرنشن حج کمیٹی سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ اور کمیٹی کے عملہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے واجبی رقم پر عازمین کو حج کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جبکہ دولتمند تو خطیر رقم خرچ کرکے خانگی ٹراویلس کے ذریعہ سفر حج پر روانہ ہوتے ہیں۔ مشیر حکومت تلنگانہ، محمد علی شبیر نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی، تلنگانہ حج کمیٹی اور سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں۔

انہوں نے ریاستی وزیر اے لکشمن کمار کو متوجہ کیا کہ اس سال کے حج کیلئے 10صحافیوں کو روانہ کریں ان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جانا چاہئے۔ سابق میں بھی کانگریس دور حکومت میں صحافیوں کو حج پر روانہ کیا گیا تھا۔ صدرنشین حج کمیٹی سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سال2025 کا حج بنا کسی شکایت اور تکلیف کے اختتام پزیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے صحت مند سرکاری ملازمین کا بحیثیت حج انسپکٹر انتخاب کیا گیا جنہوں نے حاجیوں کیلئے بہت اچھی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج کمیٹی کو عازمین کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے انشاء اللہ اس سال بھی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کیلئے  نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔ تقریب کا آغاز اُسید اللہ شریف کی  قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ سید سہیل نے نعت سنائی۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے کارروائی چلائی۔ اس موقع پر سال2025  کے حج سیزن میں نمایاں خدمات انجام دینے والے حج کمیٹی کے ملازمین، والینٹرس اور دیگرمیں اسناد تقسیم کئے گئے۔