CR Park fish sellers : مندر کے قریب مچھلی فروخت کرنے پر تنازعہ
ترنمول کانگریس کی شعلہ بیان رکن پارلیمنٹ مہواموئترا نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) ورکرس اور بعض ہندوتواگروپس نے قومی دارالحکومت کے چترنجن پارک کے قریب بنگالی برادری کے ارکان کو مچھلی کھانے پر دھمکیاں دی ہیں۔

CR Park fish sellers: نئی دہلی (منصف نیوز ڈیسک) ترنمول کانگریس کی شعلہ بیان رکن پارلیمنٹ مہواموئترا نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) ورکرس اور بعض ہندوتواگروپس نے قومی دارالحکومت کے چترنجن پارک کے قریب بنگالی برادری کے ارکان کو مچھلی کھانے پر دھمکیاں دی ہیں۔
CR Park fish sellers
مہواموئترا نے منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا کاؤنٹ پر اس واقعہ کا ایک ویڈیو پوسٹ کیا اور کہا کہ گزشتہ 60 سال کے دوران ایسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ برائے مہربانی زعفرانی بریگیڈ بی جے پی غنڈوں کو دہلی کے چترنجن پارک کے مچھلی خور بنگالیوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھیں۔
گزشتہ 60 سال میں ایسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔ اس ویڈیو میں لوگوں کے ایک گروپ کو مچھلی بیچنے والوں کو یہ ہدایت دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مندر کے قریب اپنی دکانیں نہ کھولیں۔ انہوں نے کہا کہ مندر کے قریب مچھلی بیچنے سے مندر ناپاک ہورہا ہے کیونکہ سناتن دھرم میں زندہ چیزوں کو ہلاک کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ایک ہندوتوا لیڈر نے دکانداروں سے کہا مندر کے قریب فش مارکٹ کی وجہ سے تمام سناتنیوں کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ جب دکانداروں نے یہ بتایا کہ یہ مارکٹ دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ڈی ڈی اے) کی جانب سے تیار کی گئی تھی، تو ہندوتوا لیڈر نے کہا کہ وہ لوگ ڈی ڈی اے کی گردن میں پھندے کو بھی تنگ کردیں گے اور اسے اپنی غلطی درست کرنے پر مجبور کریں گے۔
مچھلی بیچنے والوں نے جب یہ دعویٰ کیا کہ وہ لوگ جس مندر کے بارے میں تنازعہ پیدا کررہے ہیں یہ مندر خود انہوں نے تعمیر کیا ہے تو ہندو توا لیڈر بوکھلا گیا۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میڈیا کے نمائندے مندر کے قریب جانوروں کو ہلاک کرنے کے پس پردہ اخلاقیات کے بارے میں دکانداروں سے سوال کررہے ہیں۔ دکاندار نے نشاندہی کی کہ کئی مقامات پر مندروں میں جانوروں کی قربانی دی جاتی ہے۔
اس جواب پر سوال کرنے والا حیرت زدہ رہ گیا۔ مہواموئترا نے کہا سی آر پارک میں واقع مندر جس کے بارے میں بی جے پی کے غنڈے یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ اسے غیرسبزی فروش مارکٹ بیوپاریوں نے تعمیر کیا تھا۔ یہ لوگ وہاں پوجا کرتے ہیں۔ بڑی بڑی پوجائیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی حکومت کے تین ماہ مکمل ہوئے ہیں اور یہ اس موقع پر دیا جانے والا ایک تحفہ ہے۔