امریکہ و کینیڈا

طیارہ میں سوار ہونے سے قبل باپ اور بیٹی گرفتار

سیئٹل۔ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ICE حکام نے میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ریکارڈو مینڈوزا اور ان کی بیٹی صوفیہ کو لاس اینجلس جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے قبل جیٹ برج پر روک کر گرفتار کرلیا۔

واشنگٹن۔ امریکہ کے سیئٹل۔ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہونے کی تیاری کررہے ایک باپ اور بیٹی کو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے عہدیداروں نے گرفتار کرلیا۔ اس واقعہ کے بعد ایئرپورٹ پر کارروائی اور حکام کے طرز عمل پر بحث چھڑ گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ریکارڈو مینڈوزا اور ان کی بیٹی صوفیہ لاس اینجلس جانے والی پرواز میں سوار ہونے کے لیے جیٹ برج پر موجود تھے کہ اسی دوران ماسک پہنے ہوئے امریکی امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔

حکام کا الزام ہے کہ ریکارڈو مینڈوزا کے ویزا کی مدت ختم ہوچکی تھی، اس کے باوجود وہ امریکہ میں مقیم تھے۔ دوسری جانب ان کی بیٹی صوفیہ پر الزام ہے کہ اس نے کارروائی کے دوران عہدیداروں کی جانب گرم کافی پھینکی۔ اس معاملے میں اس کے خلاف ایک عہدیدار پر حملے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا گیا ہے۔

اس کارروائی پر واشنگٹن کے گورنر نے اعتراض کرتے ہوئے ICE حکام کے اقدام پر تنقید کی ہے۔

واقعہ کے دوران ماسک پہنے ہوئے حکام کی جانب سے جیٹ برج پر ہی باپ اور بیٹی کو روکنے کی کارروائی پر بھی اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ اس واقعہ نے امریکی ایئرپورٹس پر امیگریشن حکام کی کارروائیوں اور مسافروں کے ساتھ برتاؤ سے متعلق بحث کو دوبارہ موضوع بنا دیا ہے۔